سی ڈی اے اور ضلع انتظامیہ کا تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن ہفتہ کے روز بھی جاری رہا

 
0
542

اسلام آباد ستمبر 14 (ٹی این ایس): سی ڈی اے اور ضلع انتظامیہ کا تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن ہفتہ کے روز بھی جاری رہا۔ ہفتے کے روز کیے جانے والے آپریشن میں سی ڈی اے کے ڈائریکٹر انفورسمنٹ، مجسٹریٹ آئی سی ٹی، اسلام آباد پولیس اور ریونیو سٹاف کے ہمراہ مل کر بنی گالہ کے علاقے ڈھوک چورا میں سرکاری اراضی پر قبضے کو ختم کرواتے ہوئے تقریباً40 کنال زیر کاشت سرکاری اراضی واگذار کرا لی گئی۔ غیر قانونی قابضین سے سرکاری اراضی کو واگذار کرانے کے لیے یہ آپریشن سی ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور لینڈ ڈائریکٹوریٹ نے باہم مل کر اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اور ریزرو پولیس کے تعاون سے کیا۔ آپریشن میں ویل ڈوزر،ٹریکٹر اور ہیوی مشینری کو استعمال میں لاتے ہوئے زیر کاشت تقریباً40 کنال سرکاری اراضی کو واگذار کرا لیا۔