اسلام آباد ستمبر 16 (ٹی این ایس): سپاہی سے لےکر آئی جی تک پولیس کا امیج بہتر کرنے کے لیے پوری ایمانداری سے پہلے سلام پھر کلام کی پالیسی اپنانی ہوگی؛ آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان کا مراسلہ جاری۔ انھوں نے کہا کہ عوام کو پولیس سے خوف کی بجائے تحفظ کا احساس ہونا چائیے۔ کیا وجہ ہے کہ پولیس عظیم قربانیوں کے باوجود عوام میں اپنا مثبت تشخص اجاگر نہیں کرسکتی۔ پولیس کو شہریوں کی عزت و احترام کی علامت ہونا چاہیے۔ جب بھی شہریوں کا پولیس کے ساتھ سامنا ہو تو وہ اپنے آپ کو محفوظ اوردوست سمجھیں۔ شہریوں کی روزانہ سینکڑوں پولیس ایمرجنسی نمبروں پر کال موصول ہوتی ہیں۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ عوام پولیس پر بھرپور اعتماد کرتی ہے۔ بدقسمتی سے ہم اس موقع پر موصول ہونے والی کالز ریکارڈ نہیں کرسکتے۔ ہم سب کو مل کر ایسے اقدامات اٹھانے چاہئیں جس سے پولیس ڈیپارٹمنٹ کا امیج بہتر انداز میں نظر آئے۔ شہریوں کے ساتھ تشدد اور بداخلاقی کو کسی صورت بھی برداشت نہیں کروں گا۔ زیر حراست ملزمان کے ساتھ قانون کے مطابق ان کےحقوق کی پاسداری کی جائے۔ کسی بھی شخص یا زیر حراست ملزم پر تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا۔