پنجاب کابینہ میں مزید تبدیلیاں ہونے کا امکان، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی عمرے سے واپسی پر بڑے فیصلے متوقع

 
0
341

لاہور ستمبر 18 (ٹی این ایس): ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل کے مستعفی ہونے اور عون چوہدری کی برطرفی کے بعد پنجاب کابینہ میں مزید تبدیلیاں ہونے کا امکان ہے۔ پنجاب کابینہ میں تاحال غیر یقینی کی صورتحال جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی عمرے سے واپسی پر بڑے فیصلے متوقع ہیں جبکہ اپنی اپنی وزارتیں بچانے کے لئے سب متحرک ہو گئے ہیں۔
کارکردگی نہ دکھانے والے وزرا کو ہٹا دیا جائے گا اور صوبائی کابینہ میں مزید تبدیلیاں متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق کچھ وزرا کئی مواقع ملنے کے باوجود کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں اور عوامی مفاد اور وزیراعظم عمران خان کے وژن پر کام نہ کرنے والوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ وزرا موجودہ سیاسی صورتحال میں شدید دباؤ کا شکار ہے اور اہم امور متاثر ہو رہے ہیں۔
یاد رہے کہ 13 ستمبر کو وزیراعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ تقرر و تبادلوں پر اختلافات استعفیٰ کا سبب بنے۔شہباز گل بعض پولیس اور ڈسٹرکٹ افسران سے بھی اُلجھتے رہے، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ان پر پابندی عائد کی تھی کہ ان کے ساتھ کسی وزٹ پر نہیں جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ ڈاکٹر شہباز گل نے ایک سادہ کاغذ پر اپنا استعفیٰ لکھ کر دیا۔جبکہ اُسی دن عون چوہدری کو بھی عہدے سے برطرف کر دیا گیا تھا۔اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا تھا کہ عون چوہدری کو کام نہ کرنے کے الزام پر ہٹایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عون چوہدری اپنی ذمہ داریوں کے لئے وقت نہیں نکال پا رہے تھے اسی لیے انہیں عہدے سے برطرف کر دیا گیا تھا۔