سی ڈی اے کی سرکاری اراضی پر غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف بھر پور آپریشن، متعدد دکانیں سیل

 
0
406

اسلام آباد ستمبر 20 (ٹی این ایس): سی ڈی اے کی سرکاری اراضی پر غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات، عوامی گذرگاہوں پر لگائی گئی تنصیبات اور بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کے خلاف بھر پور کاروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں کری روڈ پر کیے گئے ایک آپریشن کے دوران انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیموں نے 17 مویشی باڑے، 12 کمرے، 04 تعمیراتی ملبے کے ٹھیے اور 02 عدد فروٹ اور سبزی کے سٹالوں کا خاتمہ کر دیا۔ اسی طرح سیکٹر F-11/3،F-11/4،G-9/4،G-9/3 اورG-11/3 میں کی جانے والی کاروائیوں کے دوران مختلف گلیوں میں لگائے گئے درجنوں بیرئیرز کو توڑ دیا گیا جن کی وجہ سے عوام الناس کو تکلیف کا سامنا کرنا پٹرتا تھا۔ شہر میں کی جانیو الی مختلف کاروائیوں کے دوران راول ٹاؤن کے علاقے سے 03 باڑیں، 01واش روم اور 03 عدد چار دیواریوں کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ سیکٹر G-11/3 سے ایک فروٹ سٹال اور 01 عدد کھوکھے کو مسمار کر دیا گیا۔

دریں اثناء سی ڈی اے کی بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائیاں تیز کر دی ہیں۔اس سلسلے میں بی سی ایس کا عملہ،اسلام آباد انتظامیہ اور دیگر متعلقہ شعبوں کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں عمل میں لا رہا ہے۔ اس سلسلے میں سیکٹر G-10/4 کے بازار نمبر07 کے پلاٹ نمبر02 پر تعمیر کردہ عمارت کو بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر سربمہر کر دیا گیا۔ مذکورہ پلاٹ ٹریڈ کے مطابق سنگل سٹوری ریسٹورنٹ پر مشتمل ہونا چاہیے تھا جبکہ سائٹ پر پلاٹ کو غیر قانونی طور پر 04 چھوٹی دکانوں میں تقسیم کر دیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں ابتدائی طور پر مالکان کو نوٹس جاری کیے گئے تاہم ان کی طرف سے اس خلاف ورزی کا خاتمہ نہ کیا گیا جس کے بعد سی ڈی اے نے کاروائی عمل میں لاتے ہوئے جمعہ کے روز مذکورہ عمارت کو سر بمہر کر دیا۔
مزید برآں سیکٹر I-9/3 کے منسوخ کردہ پلاٹ نمبر 140 اور141 کو بھی سربمہر کر دیا گیا۔