اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں کے خاتمے اور شہر کی صفائی کا کام تقریباً ایک ہفتہ تک معطل رہنے کے بعد دوبارہ شروع کر دیا

 
0
707

اسلام آباد ستمبر 22 (ٹی این ایس): حکومت کی مداخلت کے بعد ایم سی آئی کا عملہ دوبارہ اپنی ڈیوٹی پر حا ضر ہو گیا ہے۔ سینی ٹیشن کے عملے کے کام میں تیزی لائی جا رہی ہے اور مختلف علا قوں سے کوڑے کرکٹ کے ڈھیر ختم کئے جا رہے ہیں۔
شہر سے کوڑے کے ڈھیروں کی جلد اور موئژ طریقے سے تلف کرنے کو یقینی بنانے کے لئے اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس کو نگرانی کے لئے تعینات کیا گیا ہے۔ سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے متعلقہ شعبے شہر سے کوڑے کر خت کو تلف کرنے اور شہر کی مجموعی صفائی کو بہتر بنانے کے لئے آپس میں تعا ون کر رہیں جبکہ اسلام آباد انتظامیہ اس تمام عمل کی نگرانی کو یقینی بنا رہی ہے۔ شہر کے مختلف علا قوں جن میں سیکٹر آئی ایٹ، آئی نائن، آئی ٹین اور دیگر علا قے جہاں صفائی کا آپریشن معطل رہا وہاں سے کوڑے دانوں کو خالی کروانے کے ساتھ دیگر کوڑے کے ڈھیروں کو تلف کیا جا رہا ہے۔

صفائی کا یہ خصوصی آپریشن ہفتہ وار تعطیلات کے باوجود نہ صرف دن بلکہ رات کے اوقات میں بھی جاری رہا۔
اسکے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں میں گندگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف بھی کاروائیاں کی جا رہی ہیں۔اس سلسلے میں پی ڈبلیو ڈی اور ایکسپریس وے پر گندگی پھیلانے کے مرتکب دکانداروں کو پچیس ہزار روپے تک کے جرمانے عائد کیے گئے۔ اسی طرح کرال اور کھنہ کے علاقوں میں کوڑا کرکٹ پھیلانے میں ملوث چھ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔مزید برآں غوری ٹاؤن ایڈمنسٹریشن جو سی ڈی اے کی خالی زمین پر کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگا رہے تھے کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لیے متعلقہ تھانے کو ہدایت جاری کردی گئی۔ مزید برآں ان علاقوں میں خالی جگہوں پر ڈھیر کیا گیا کوڑا از خود اٹھانے کے لیے 24 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔