معاشرے کے کمزور طبقات کا خیال رکھنا ریاست کی اہم ذمہ داری ہے، ہم سب کو اس نیک مقصد کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے،

 
0
250

اسلام آباد اکتوبر 01 (ٹی این ایس): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقات کا خیال رکھنا ریاست کی اہم ذمہ داری ہے، ہم سب کو اس نیک مقصد کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے، ریاست مدینہ کی طرز پر اسلامی فلاحی ریاست کا قیام وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے، پاکستان اپنا کٹھن وقت دیکھ چکا، اب ہم نئے پاکستان کی جانب سفر کر رہے ہیں، ملکی ترقی کے لئے جدید علوم میں مہارت ناگزیر ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام فیصل آباد کے آئی ٹی طلباء میں تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ کار خیر کا اسلامی معاشرے سے گہرا تعلق ہے، اللہ کے راستے میں خرچ کرنے والوں کو زندگی میں ہمیشہ خوش دیکھا ہے، دین اسلام ہمیں عاجزی و انکساری کا درس دیتا ہے، بڑے لوگوں میں غرور نہیں ہوتا بلکہ انہیں جوابدہی کا خوف رہتا ہے، عظیم قائد ہمیشہ صادق و امین ہوتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ کشیمر کے معاملہ پر پاکستانی قوم نے بھرپور ردعمل دیا ہے تاہم دیگر مسلم دنیا کی قیادت کا ایسا ردعمل نہیں تھا، اس کی وجوہات ہیں، دنیا میں صرف اس کی بات سنی جاتی ہے جس کے پاس طاقت ہوتی ہے، بڑی مارکیٹ کو اصولوں پر ترجیح دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں انصاف کی آواز بلند کر رہا ہے تاہم اپنی آواز کو زیادہ موثر بنانے کے لئے اپنی معیشت کو بھی مضبوط کرنا ہو گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بیرونی دنیا میں جس پراعتماد طریقے سے ناموس رسالت ؐ کا معاملہ اٹھایا اور ریاست مدینہ کو آئیڈل قرار دیا ہے وہ بڑی دل کی بات ہے، یہ پاکستانی قوم کے ابھرنے کی نشانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بہت کچھ سیکھ لیا ہے اسے ایک بااعتماد اور باصلاحیت قیادت بھی مل گئی ہے، ایک نیا انصاف والا پاکستان بننا شروع ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بڑی تیزی سے آگے جا رہی ہے، ہمیں خود کو ترقی کی رفتار سے ہمکنار کرنے کے لئے مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید علوم پر توجہ دینا ہو گی، اس حوالے سے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے کئے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج سے 1400 سال پہلے قرآن پاک نے عورتوں کے لئے وراثت کا قانون دیا، ہمارے نبی ؐ نے معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کی تعلیم دی، انہوں نے مسلمانوں کو اپنی غلطیوں کے کفارے کے لئے غریبوں کو کھانا کھلانے اور غلام آزاد کرنے کی تلقین کی، اس رویئے نے پورے معاشرے کو نچلی سطح سے اوپر اٹھایا، آج ہمیں اسی طرز عمل کو اختیار کرتے ہوئے معاشرے کے محروم اور پسماندہ طبقات پر توجہ دینی چاہیے۔
صدر مملکت نے غذائی قلت سے بچوں میں ذہنی نشو و نما متاثر ہونے کے اسباب دور کرنے اور خواتین میں بریسٹ کینسر سے بچائو کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ اس موقع پر سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین مولانا بشیر فاروق نے اپنے خطاب میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے اغراض و مقاصد اور اس کے مختلف پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ویلفیئر ٹرسٹ کے فنڈ کو لوگوں کی امانت سمجھتے ہیں اور مکمل احساس ذمہ داری کے ساتھ عوام کی خدمت کا کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی سماجی بہبود، مصنوعی ذہانت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم اور سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے کار خیر کے کاموں میں دلچسپی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں صدر مملکت نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام فیصل آباد کے آئی ٹی کے طلباء میں اسناد بھی تقسیم کیں۔