شہریوں کو مال مسروقہ واپس کرنے کی تقریب پولیس لائن ہیڈ کوارٹر میں منعقد کی گئی، آئی جی اسلام آباد سمیت اعلی عہدیداران کی شرکت

 
0
330

اسلام آباد اکتوبر 01 (ٹی این ایس): شہریوں کو مال مسروقہ واپس کرنے کی تقریب پولیس لائن ہیڈ کوارٹر میں منعقد کی گئی، تقریب میں ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید، ایس پی انوسٹی گیشن سید مصطفی تنویر، ایڈیشنل ایس پی کیپٹن ذیشان حیدر، اے آئی جی آپریشنز میڈم سمیرا اعظم، زونل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز ایس ایچ اوز، مصالحتی کمیٹیوں کے ممبران اورمدعیان نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق تقریب کے مہمان خصوصی آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے کہا آپ سب کی جان و مال کی حفاظت کرنا ہمارا اولین فرض ہے، میں گورنمنٹ کا شکرگزار ہوں کہ 1250خالی آسامیوں پر بھرتی کرنے کی منظوری دی جس کا عمل مکمل ہو گیا ہے اگلے 6ماہ میں مزید نفری کی کمی پوری ہو جائے گی، پولیس کی شب و روز محنت سے اسلام آباد میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے، جلسے جلوسوں کے ساتھ ساتھ کرائم پر کام کرتے رہے ہیں، محرم الحرام کے دوران جلوس کی سیکیورٹی کو مد نظر رکھتے ہوئے اضافی نفری تعینات کی گئی جس کی وجہ سے جرائم میں معمولی اضافہ ہوا، مزید انھوں نے کہا کہ شہریوں کی طرف سے روزانہ 2000سے زائد فون کالز ریسکیو15پر موصول ہوتی ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کا پولیس پر اعتماد ہے میں یقین دلاتا ہوں کہ ہم وہی معیار آپ کے لئے رکھیں گے جو اپنے لئے رکھتے ہیں، پہلے سلام پھر کلام کی پالیسی پر عملدرآمد کروانے پر بہت حد تک کامیاب ہوئے ہیں آپ یہ بات یاد رکھیں کہ ہم عوام کے ٹیکس سے تنخواہ لیتے ہیں عوام ہماری باس ہے ہم عوام کے خادم ہیں لہذا ہمیں ان کی خدمت کرنا ہمارے اولین فرض میں شامل ہے۔

جب تک پولیس اور عوام ایک دوسرے کی مدد نہیں کریں گے جرائم کا مکمل طور پر خاتمہ کرنا ممکن نہیں ہے عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھیں اور کوئی بھی غیر ضروری سرگرمی دیکھیں تو فوراً پولیس کو اطلاع دیں، اسلام آباد پولیس کی بہترین حکمت عملی کی وجہ سے اقوام متحدہ نے 12سال بعد اسلام آباد کو فیملی اسٹیشن کا درجہ دیا ہے جو پاکستان کے لئے ایک بڑے اعزاز کی بات ہے یہ سب آپ کی محنت کا نتیجہ ہے، حال ہی میں وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق مسائل کے فوری حل کے لئے چارتھانوں میں اے ایس پیز تعینات کئے گئے ہیں جن سے تھانوں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ لوگوں کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی، منشیات فروشوں، قبضہ مافیا اور جرائم پیشہ عناصرکے خلاف بھرپورکاروائی کی جائے گی،

آئی جی اسلام آباد نے کہا میرے اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ پولیس جو اچھا کام کرتی ہے عوام اس کی تعریف کھلے دل سے نہیں کرتی ہے جبکہ پولیس کے خلاف ایک چھوٹی سے بھی خبرہو وہ سوشل میڈیا کے ساتھ ساتھ ہر طرف اس کی برائی شروع کر دی جاتی ہے میری آپ سے درخواست ہے کہ یہ پولیس آپ کی اپنی ہے، پولیس کے ساتھ نفرت مت کریں محبت سے پیش آئیں اور اس کے اچھے کام کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں۔

ڈی آئی جی آپریشن وقار الدین سید نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے انہوں نے بتایا کہ آئی جی اسلام آباد اور میں نے 11 ماہ پہلے جب چارج سنبھالا تھا تو کرائم فائٹنگ کے علاوہ مختلف چیلنجز درپیش تھے لاءاینڈ آرڈر کی صورتحال بہت خراب تھی جس کی وجہ سے پولیس کی توجہ دوسری طرف چلی گئی، آپریشنزڈویژن کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے جرائم کی شرح میں 21 فیصد کمی واقع ہوئی جس میں زیادہ تر سنگین نوعیت کے جرائم شامل ہیں سی آئی اے، انوسٹی گیشن ونگ اور اے سی ایل سی کا بہت اہم رول ہے جس کی وجہ سے آج ہم سرخرو ہو رہے ہیں۔ کرائم میں زیادہ تر بچوں کی گمشدگی اور اغوا کا کرائم بہت مشہور ہوا جن کو ٹریس کرنا بہت مشکل تھا پولیس نے انتھک محنت سے کام کیا اور ان کو ٹریس کیا اور بچوں کو بازیاب کرایا۔

آج آپ کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پولیس پر عوام کا بھرپور اعتماد ہے اور اگر آپ کا اسلام آباد پولیس کے ساتھ تعاون رہا تو اسلام آباد پولیس وفاقی دارالحکومت سے کرائم کے سدباب میں کامیاب ہوگی، آخر میں آئی جی اسلام آباد نے وارداتوں میں برآمد کیا ہوا مال اصل مالکان کے حوالے کیا مصالحتی کمییٹیوں کی اچھی کارکردگی پر اسلام آباد پولیس کی طرف سے پولیس شیلڈ دی گئی برآمد کیا گیا مال وصول کرنے والے شہریوں نے آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشنز اور دیگر پولیس آفیسرز کا شکریہ ادا کیا اور اسلام آباد پولیس کی تعریف کی۔