اورنج لائن ٹرین منصوبے کومعاہدے کے مطابق مکمل نہ کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

 
0
415

لاہور اکتوبر 05 (ٹی این ایس): اورنج لائن ٹرین منصوبے کومعاہدے کے مطابق مکمل نہ کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی ۔مسلم لیگ (ن) رکن اسوہ آفتاب کی جانب سے جمع کرائی گئی قراردا دکے متن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کی نااہلی اور سستی کی وجہ سے اورنج لائن ٹرین منصوبہ مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ڈالر کے موجود ہ ریٹ سے اورنج لائن منصوبہ کی بنیادی لاگت 2کھرب 54ارب سے تجاوز کرگئی ہے ۔
ابتدائی طور پراورنج لائن کا معاہدہ چین کے ساتھ 2015 میں 1.626 ملین یو ایس ڈالر میں کیا گیا تھاجس میں 55 ارب روپے سول ورکس جبکہ 92 ارب کا الیکٹریکل و مکینیکل ورک کا معاہدہ شامل تھا۔2015 میں منصوبے کی لاگت ایک کھرب 63ارب60 کروڑ تھی۔2018 میں ڈالر بڑھنے سے یہ لاگت 2کھرب 24 ارب 30 لاکھ تک پہنچ گئی۔اسی منصوبے کی لاگت بغیر ٹرین چلے 2 کھرب 54ارب سے بھی تجاوز کرچکی ہی-۔معاہدے کے مطابق منصوبہ 27 ماہ کے اندر جون 2018 میں مکمل ہونا تھا مگر پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ میں اورنج لائن کی تکمیل کی تاریخ میں تین مرتبہ تبدیلی کی ہے۔27 ماہ میں منصوبہ مکمل نہ ہونے سے یومیہ 5 لاکھ ڈالر جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔ مطالبہ ہے کہ حکومت اورنج لائن ٹرین منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرے ۔