خیبرپختونخواہ حکومت نے مولانا فضل الرحمان کو نوکری کی پیشکش کر دی

 
0
279

پشاور اکتوبر 08 (ٹی این ایس): سربراہ جمیعت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان آزادی مارچ اور دھرنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں لیکن خیبرپختونخواہ حکومت نے مولانا فضل الرحمان کو نوکری کی پیشکش کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو نوکری دینے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا لانگ مارچ اسلام آباد کے لیے کررہے ہیں۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بے روزگار ہیں تو آپ کو نوکری خیبرپختونخواہ حکومت دے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پانچ حلقے کُھلوانے کے لیے دھرنے پر گئے تھے اور لاک ڈاؤن پانامہ کے لیے کیا تھا لیکن آپ اسلام آباد کے لیے کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مولانا صاحب پتہ نہیں کون سے اسلام کی بات کر رہے ہیں۔ اسلام کی بات تو اقوام متحدہ میں وزیراعظم عمران خان نے کلمہ پڑھ کرکردی ہے۔
اگر آپ خود کو مسیحا کہتے ہیں تو عوام کی خدمت کریں اور واپس آکر اپنے فرائض سر انجام دیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان کا کہنا تھا کہ حکومت کمزور نہیں ہے لیکن آکر مذاکرات کریں۔ یاد رہے کہ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 27 اکتوبر کو آزادی مارچ کی کال دے رکھی ہے جس کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے مارچ کی تیاریوں کا بھی آغاز کر دیا ہے جس کے لیے کارکنوں اور عہدیداران کو اہم ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی ہیں۔دوسری جانب خواتین پر جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں شرکت کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ خواتین جے یو آئی (ف) کے آزادی مارچ اور دھرنے میں شریک نہیں ہوں گی۔