لاہورجولائی20 (ٹی این ایس ) پاکستان ماڈرن پینٹاتھلون فیڈریشن کے صدر ریاض فتیانہ نے کہا ہے کہ قازقستان میں ہونے والی ایشین چیمپین شپ میں پہلی بار شرکت کرکے 3میڈلز حاصل کرکے کھلاڑیوں نے ملک کا نام روشن کیا ہے جس پر پاکستان ماڈرن پینٹاتھلون فیڈریشن ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے پنجاب سپورٹس پنجاب نے بھی ہر ممکن مدد کی ہے جس پر ہم ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار قازقستان میں ہونے والی ایشین بتھیل ٹراتھیل چیمپئین شپ میں میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے ۔اس موقع پرڈپٹی ڈائریکٹر محمد حفیظ بھٹی، فیڈریشن کے نائب صدر میاں صفدر حسین رائے الطاف حسین اور فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل چودھری ظہور احمد موجود تھے جبکہ ایشین گیمز میں شرکت کرنے والے کھلاڑی ازلان خان، تیمور کاشف ، عبداﷲ عامر شیخ، مصطفی ابراہیم، رین یونس شیخ ، حسن خالد ، شامیر عزیز ، ریحان ، عدیل ، سلمان الماس ، رامین عدیل ، کوچ شاہدفقیر ورک اور کھلاڑیوں کے والدین بھی موجود تھے۔فیڈریشن کے صدر ریاض فتیانہ نے کہا ہے کہ ایشیئن چیمپئین میں 9ممالک کے 340کھلاڑیوں نے حصہ لیا اور ہمارے بچوں نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے اس سے قبل امریکہ کے شہرسرسوٹامیں ہونے والی ورلڈ چیمپئین شپ میں ہمارے 5کھلاڑیوں نے 3گولڈ اور 2براؤنز میڈلز حاصل کر چکے ہیں پاکستان ماڈرن پینٹاتھلون فیڈریشن سپورٹس کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ہمارا مقصد سپورٹس کے ذریعے پاکستان کا وقار قائم کرنا ہے ۔ ریاض فتیانہ نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈپنجاب نے ہر ایونٹ میں بھرپور مدد کی ہے اور سپورٹس کے فروغ کیلئے بہترین کردار ادا کر رہا ہے جس پر ہم ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔