قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت، خدمات و روابط کا اجلاس ٗ سموکنگ کی روک تھام کے بل 2017ء پر غور

 
0
334

اسلام آباد جولائی20(ٹی این ایس)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت، خدمات و روابط کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین خالد حسین مگسی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں زہرہ ودود فاطمہ کی جانب سے پیش کیا گیا ہیلتھ ورکرز کے تحفظ اور لازمی ویکسینیشن کے بل 2015ء اور ڈاکٹر نکہت شکیل خان کی جانب سے پیش کئے گئے نان سموکرز کی صحت کے تحفظ اور سموکنگ کی روک تھام کے بل 2017ء پر غور کیا گیا۔ کمیٹی نے صوبوں کی جانب سے حفاظتی ٹیکہ جات کے عمل کو سراہا۔ کمیٹی نے ہیلتھ ورکرز کے تحفظ اور لازمی ویکسینیشن کے بل 2015ء پر تفصیل سے غور کرتے ہوئے اسے اتفاق رائے سے منظور کر لیا۔ کمیٹی نے نان سموکرز کی صحت کے تحفظ اور سموکنگ کی روک تھام کے بل 2017ء پر متعلقہ محکموں کی جانب سے رائے لینے کی سفارش کی اور آئندہ اجلاس تک اس بل کو مؤخر کر دیا۔ اجلاس میں کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی، ڈاکٹر نثار احمد جٹ، شکیلہ خالد لقمان، زہرہ ودود فاطمی، ڈاکٹر عذرا فضل، ڈاکٹر محمد اظہر جدون، کرنل (ر) ڈاکٹر امیر اﷲ مروت، ڈاکٹر نکہت شکیل، قاری محمد یوسف، سیّد غازی گلاب جمال اور عبدالقادر ودان نے شرکت کی۔