سلمان شہباز کو اشتہاری قرار دے دیا گیا‘جائیدادضبط کرنے کا حکم

 
0
276

لاہور اکتوبر 28 (ٹی این ایس): لاہور کی احتساب عدالت نے قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کو اشتہاری قرار دے دیا ہے. احتساب عدالت لاہور کے جج چوہدری امیر محمد خان نے نیب کی درخواست پر سلمان شہباز کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں اور ان کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے.
اس سے قبل عدالت میں نیب پراسیکیوٹر حافظ اسداللہ اعوان نے بتایا کہ سلمان شہباز کو متعدد بار چوہدری شوگر ملز، منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں تفتیش کے لیے طلب کیا گیا مگر وہ حاضر نہیں ہوئے اور بیرون ملک فرار ہوچکے ہیں. نیب پراسیکیوٹر حافظ اسداللہ اعوان نے عدالت سے استدعا کی کہ سلمان شہباز کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے کی تمام منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں کو بھی ضبط کیا جائے‘حافظ اسداللہ اعوان نے بتایا کہ سلمان شہباز کو اشتہاری قراردینے کے لیے ان کی رہائشگاہ پر اشتہاربھی چسپاں کیے گئے تھے.
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی ضمانت کی درخواست پر نیب نے جواب جمع کروادیا، جس پر مسلم لیگ (ن) کی رہنما کے وکیل نے جواب کیلئے کل تک کی مہلت مانگ لی. عدالت میں جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے مریم نواز کی درخواست پر سماعت کی‘اس دوران نیب کے تفتیشی افسر اور وکیل عدالت میں پیش ہوئے جبکہ مریم نواز کی جانب سے ان کے وکیل نے ان کی نمائندگی کی.
دوران سماعت عدالت کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ ہم مریم نواز کے کیس سے پہلے کچھ سوالات کرنا چاہتے ہیں‘عدالت نے پوچھا کہ کیا مریم نواز اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کر رہی ہیں؟ جس پر ان کے وکیل نے جواب دیا کہ جی مریم نواز کو اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کی اجازت دی گئی ہے. جس پر لاہور ہائی کورٹ کے جج نے پوچھا کہ کیا نیب نے درخواست پر جواب جمع کرادیا؟ جس پر نیب کی جانب سے مریم نواز کی درخواست پر جواب عدالت میں پیش کردیا گیا‘ مریم نواز کے وکیل نے کہا کہ ان کی موکلہ عدالتی ریمانڈ پر ہیں، اسی بنیاد پر درخواست ضمانت دائر ہوچکی ہے‘ جسٹس باقر نجفی نے کہا کہ اگر آپ تیار کرنا چاہتے ہیں تو بتائیں، اگر تیاری مکمل ہے تو آج ہی کیس سن لیتے ہیں.
مریم نواز کے وکیل نے کہا کہ نیب کا جواب ہمیں مل گیا ہے، کل تک ہم تیاری کر لیتے ہیں، اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ فریقین کے وکلا کل تک تیاری کے ساتھ پیش ہوں، بعد ازاں مذکورہ کیس کی سماعت کل (29 اکتوبر) تک ملتوی کردی گئی.