آزادی مارچ پوری قوت سے اسلام آباد سے ٹکرائے گا مولانا فضل الرحمان ایک لاکھ کارکنوں کو حرکت میں لائیں گے، جے یو آئی ف نے مارچ کے لیے 1.1 ارب روپے کا چندہ جمع کرلیا

 
0
552

اسلام آباد اکتوبر 28 (ٹی این ایس): جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پوری قوت سے اسلام آباد آئیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ایجنسیوں کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹس میں بتایا گیا کہ مولانا فضل الرحمان ایک لاکھ کارکنان کو حرکت میں لائیں گے۔ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ راولپنڈی، اسلام آباد اور پشاور میں 60 فیصد شرکاء کے آنے کی توقع ہے جبکہ جے یو آئی ف نے مارچ کے لیے 1.1 ارب روپے کا چندہ بھی جمع کرلیا ہے۔
آزادی مارچ کے حوالے سے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما بھی کئی تفصیلات سے آگاہ کر چکے ہیں۔ جے یو آئی ف کے سینئر رہنما عطاء الرحمان نے بتایا کہ پہلے دن سکھر میں ہمارا طاقت کے پہلے بڑے مظاہرے کا منصوبہ ہے، دوسرا ملتان میں 29 اکتوبر کو، تیسرا لاہور میں 30 اکتوبر کو اور پھر آخری منصوبہ اسلام آباد کیلئے آزادی مارچ کا ہے۔ ایک سینئیر رہنما کے مطابق جے یو آئی ف کی کور کمیٹی کے ارکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کم سے کم تین تین ہزار کارکنان کو اپنے اپنے متعلقہ شہروں سے اسلام آباد آزادی مارچ میں لے کر آئیں۔
یہی نہین بلکہ صوبائی و قومی اسمبلیوں اور سینیٹ کے تین درجن سے زائد جے یو آئی ف کے ارکان کو بھی اعلیٰ قیادت نے یہ ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں سے بڑی تعداد میں کارکنان کو حرکت میں لائیں۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق جے یو آئی ف کے سینئیر رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر انکشاف کیا کہ چھ میں سے چار کنٹینرز جو جے یو آئی ف قیادت نے تیار کروائے ہیں ان میں بہترین قسم کے واش رومز، بیڈز، کچن، ایئر کنڈیشنرز کا نظام، ساؤنڈ سسٹم اور کیمرے کی سہولیات موجود ہیں جن کی مالیت تقریباً 2 کروڑ روپے ہے۔
جلیل جان نے انکشاف کیا کہ گذشتہ چار ماہ میں تقریباً 4 ہزار ایک سو گاؤں کی کونسلیں، 308 شہر، 79 ڈسٹرکٹس اور چار صوبائی کونسلوں نے آزادی مارچ کے لیے تقریباً 1.1 ارب روپے کے فنڈز اکٹھے کرلئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام رجسٹرڈ کارکنان (ساڑھے 35 لاکھ) کو سخاوت کے ساتھ چندہ دینے کا کہا گیا ہے یعنی ہر شخص کم سے کم 2 سو روپے سے ڈھائی سو روپے دے تاکہ زیادہ سے زیادہ چندہ جمع کیا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ 3 ہزار کونسلوں، خصوصاً پشاور سے 92 کونسلوں نے کے پی کے میں ہماری توقعات سے زیادہ بڑے چندے دئیے۔