وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کی ضروریات کو پورا کرنے اورروڈ انفرا سٹرکچر میں توسیع دینے کے لئے سی ڈی اے نے شہر میں پانچ انٹرچینجز کی تعمیر کا فیصلہ کر لیا

 
0
279

اسلام آباد 2 نومبر2019 (ٹی این ایس): وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کی ضروریات کو پورا کرنے اورروڈ انفرا سٹرکچر میں توسیع دینے کے لئے سی ڈی اے نے شہر میں پانچ انٹرچینجز کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی گئی ہے آئندہ دو ہفتوں میں ان منصوبوں کے پی سی ون تیار کئے جائیں تا کہ ان منصوبوں پر با قاعدہ کام کا آغاز کیا جا سکے۔
ان انٹرچینجز کی تعمیر سے نہ صرف شہر میں ٹریفک کے مسا ئل کو مستقل طور پر حل کرنے میں مدد ملے گی بلکہ آئندہ کئی دہا ئیوں تک ٹریفک کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ انٹرچینجز کشمیر ہائی وے پر سیونتھ ایونیو، 10thایونیو کشمیر ہائی وے، 11th ایونیوکشمیر ہائی وے، 12th ایونیو کشمیر ہائی وے اور 9th ایونیو پر خیابان اقبال کے مقام پر تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ سی ڈی اے انتظا میہ کی ہدایات کے مطا بق انجینئرنگ ونگ اور پلاننگ ونگ نے ان منصوبوں کے پی سی ون تیار کرنے شروع کردئیے ہیں جن کو آئندہ دو ہفتوں تک مکمل کر لیا جائے گا۔ تیار کئے گئے پی سی ون تکنیکی طور پر جانچنے کے بعد سی ڈی اے ڈی ڈبلیوپی میں پیش کئے جا ئیں گا جہاں ان منصوبوں کی مالیاتی، ماحولیاتی اور دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ سی ڈی اے ڈی ڈبلیوپی سے منظوری حا صل ہونے کے بعد وفا قی حکومت سے درخواست کی جائے گی کہ ان منصوبوں کے لئے پی ایس ڈی پی کے تحت فنڈز جاری کئے جائیں۔
ان انٹرچینجز کی تعمیر سے شہر کے شمالی اور جنوبی حصے کو بلا تعطل آپس میں ملانے میں مدد ملے گی۔ سی ڈی اے کے ما سٹر پلان میں ان انٹرچینجز کو تعمیر کرنے کی گنجائش موجود تھی تا ہم ما ضی میں ان منصوبوں پر عملدرآمد کرنے کے لئے کوئی کوشش نہ کی گئی۔ سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے شہر میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لئے متعدد اقدا مات اٹھائے ہیں جن میں نہ صرف بڑی شاہرؤں پر جدید ٹیکنا لوجی کو متعارف کروایا گیا ہے بلکہ موجودہ روڈ انفرا سٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ اس میں سڑیٹ آف دی آرٹ توسیع بھی شا مل ہے۔