شہباز شریف کی مریم نواز کی ضمانت پر کارکنان سے خوشیاں نہ منانے کی اپیل

 
0
220

لاہور نومبر 04 (ٹی این ایس): پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے مریم نواز کی ضمانت ہونے پر اپنا ردِ عمل دیا ہے،شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی ضمانت منظور ہونے پر کارکنان سے خصوصی اپیل ہے کہ جشن منانے یا مٹھائیاں تقسیم کرنے کے بجائے صرف دعائیں کریں۔قائد محمد نواز شریف کی صحت ناساز ہے۔شہباز شریف نے مریم نواز کی ضمانت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اللہ رب العزت کی بارگاہ میں شکر ادا کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی درخواست ضمانت منظور کرلی گئی ہے. مریم نواز کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی کہ سروسزہسپتال میں زیرعلاج اپنے والد کی تیماداری کرنا چاہتی ہیں فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا نیب نے خدشہ ظاہرکیا تھا کہ ملزمہ ملک سے فرارہوسکتی ہیں یا غائب بھی ہوسکتی ہیں لہذا ان کی درخواست ضمانت مسترد کی جائے عدالت نے آج فیصلہ سناتے ہوئے ان کی درخواست ضمانت کو منظور کر تے ہوئے انہیں ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے. اس بنچ نے چوہدری ملزکیس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی منظوری دی تھی‘ مریم نواز پہلے بھی پیرول پر اپنے والد کی تیمارداری کے لیے سروسز ہسپتال میں موجود رہیں عدالت عالیہ کے جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے مذکورہ کیس میں قومی احتساب بیورو(نیب) اور درخواست گزار کے وکیل دونوں کے دلائل کے بعد 31 اکتوبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا.واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے چوہدری شوگر ملز کیس میں ضمانت بعد از گرفتاری کے لیے 30 ستمبر کو عدالت سے رجوع کیا تھا‘تاہم گزشتہ ماہ کے اواخر میں ان کے والد سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت کی اچانک ناسازی کے بعد انہوں نے بنیادی حقوق اور انسانی بنیادوں پر ضمانت کے لیے 24 اکتوبر کو ایک متفرق درخواست دائر کی تھی.