پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دفاع اور سیکورٹی کے شعبوں میں تعاون کو مستحکم کرنے پر اتفاق

 
0
299

اسلام آباد نومبر 05 (ٹی این ایس): پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دفاع اور سیکورٹی کے شعبوں میں تعاون کو مستحکم کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ یہ اتفاق رائے منگل کو اوٹاوا میں کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ اور کینیڈین آرمڈ فورسز کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل جوناتھن وینس کے درمیان ملاقات میں پایا گیا۔ ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے کینیڈین چیف آف ڈیفنس سٹاف کو افغانستان میں امریکی قیادت میں امن کوششوں میں پاکستان کے تعاون سمیت علاقائی صورتحال کے بارے میں بریف کیا اور کہا کہ پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان علاقائی ملکوں کے بہتر مفاد میں ہے۔
ہائی کمشنر نے پاکستانی آرمڈ فورسز اداروں میں قلیل المدتی، میڈیم اور طویل المدتی کورسز میں کینیڈین آرمڈ فورسز کے افسران کی شرکت سمیت سیکورٹی تعاون کو مستحکم کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستانی اور کینیڈین آرمڈ فورسز کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں میں تعاون دونوں ملکوں کے باہمی مفاد میں ہے۔ جنرل وینس نے علاقائی امن و استحکام اور افغانستان میں قیام امن کیلئے کوششوں میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔