ورلڈ ہاکی لیگ میں قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد سلیکشن کمیٹی ،ٹیم مینجمنٹ تبدیل

 
0
336

لاہور جولائی20(ٹی این ایس ): ورلڈ ہاکی لیگ میں قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کو تبدیل کر دیا جبکہ اولمپئن حسن سردار کو سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا۔صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈیئر (ر) محمد خالد کھوکھر نے نئی قومی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت اولمپئن حسن سردار کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے جبکہ دیگر ارکان میں ایاز محمود، سید مصدق حسین شامل ہیں۔قومی سینئر ہاکی ٹیم مینجمنٹ میں بھی تبدیلیاں آئی ہیں، صدر پی ایچ ایف نے دسمبر 2018ی تک نئے عہدیداروں کا اعلان کر دیا ہے۔ فرحت حسن خان منیجر و ہیڈ کوچ جبکہ ملک محمد شفقت اور محمد سرور کوچز ہوں گے۔واضح رہے کہ ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستان کی ٹیم ناکام رہی تھی جس کے بعد سابق پلیئرز کی جانب سے ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ذاتی پسند ناپسند پر پلیئرز کو ٹیم میں شامل کرنے کے الزامات بھی لگائے گئے تھے۔