نون لیگ نے فردوس عاشق اعوان کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کروادی

 
0
380

اسلام آباد نومبر 25 (ٹی این ایس) مسلم لیگ( ن) نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے خلاف درخواست جمع کرا دی، جس میں کہا گیا حکومت ممنوعہ اور غیر ملکی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن پر دباﺅ ڈال رہی ہے. تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نون نے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے خلاف درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرادی، درخواست میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ حکومت ممنوعہ اور غیر ملکی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن پر دباﺅ ڈال رہی ہے، معاون خصوصی اطلاعات کی پریس کانفرنس الیکشن کمیشن کو دھمکانے کے مترادف ہے.
معاون خصوصی اطلاعات کی پریس کانفرنسز کا ٹرانسکرپٹ بھی درخواست کے ساتھ لگایا گیا ہے‘مسلم لیگ نون کے وکیل جہانگیر جدون نے الیکشن کمیشن کے باہر صحافیوںسے گفتگو میں کہا ہے کہ تحریک انصاف نے فارن فنڈنگ کیس میں تاخیری حربے استعمال کیے، پی ٹی آئی راہنماﺅںنے الیکشن کمیشن کے خلاف الزامات شروع کردیے، فردوس عاشق اعوان نے کہا دال میں کچھ کالا ہے یا پوری دال کالی ہے.
جہانگیر جدون نے کہا کہ حکومتی وزرانے بیانات دے کرالیکشن کمیشن پردباﺅڈالنے کی کوشش کی ، اسکروٹنی کمیٹی کل سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرے گی. یاد رہے پی ٹی آئی فنڈنگ کیس میں اپوزیشن کی رہبرکمیٹی کی درخواست منظور ہوگئی تھی اور الیکشن کمیشن نے 26نومبر سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی کمیٹی کو کام تیزکرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ تحریک انصاف فنڈنگ کیس کی سماعت اب روزانہ ہوگی.
چیف الیکشن کمشنر کی عدم موجودگی میں دو اراکین نے یہ فیصلہ لکھا بعد ازاں تحریک انصاف کے سابق وکیل فیصل حسین چوہدری کا کہنا ہے کہ معاملہ فارن فنڈنگ کا نہیں بلکہ ممنوعہ فنڈنگ کا ہے، پی ٹی آئی کوکوئی خطرہ نہیں ، تحریک انصاف کے ساتھ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی ممنوعہ فنڈنگ کے کیس کو بھی دیکھا جائے.