پی آئی اے کی پرواز میں ایک اور واردات سامنے آگئی سیالکوٹ سے کراچی جانے والی پی آئی اے کی پرواز میں ایک اور خاتون مسافر کے سامان سے 40 لاکھ روپے مالیت کا سونا چوری لیا گیا

 
0
296

کراچی نومبر 30 (ٹی این ایس): پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) میں ایک اور بڑی چوری سامنے آگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ سے کراچی جانے والی پی آئی اے کی پرواز میں ایک اور خاتون مسافر کے سامان سے 40 لاکھ روپے مالیت کا سونا چوری کر لیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گجرات سے تعلق رکھنے والی شگفتہ بانو نامی خاتون جو کہ متحدہ عرب امارات کی رہائشی ہیں، 23 نومبر کو سیالکوٹ سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 397 سے کراچی جارہی تھیں کہ اس دوران مبینہ طور پر پی آئی اے کے سامان اٹھانے والے عملے کی واردات کا شکار ہو گئیں۔
خاتون کے مطابق بیگ میں قریباً 40 لاکھ روپے کے سونے کے زیورات موجود تھے۔ خاتون کا کہنا ہے کہ ان کے پاس سامان کے دو بیگ تھے جن میں سے ایک جمع کروادیا تھا جبکہ دوسرا بیگ اپنے پاس رکھا تھا جس میں لگ بھگ 40 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات موجود تھے۔اس خاتون کا کہنا تھا کہ وہ تنہا سفر کر رہی تھیں اور ان کا سامان محض 4 کلوگرام اضافی تھا لیکن پی آئی اے کے سامان اٹھانے والے عملے نے انہیں 4 کلو گرام اضافی دستی سامان بھی ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں دی اور اضافی دستی سامان بھی جہاز میں جمع کرانے پر مجبور کیا جب کہ زیادہ وزن کی فیس کے عوض 8ہزار580 روپے بھی وصول کیے۔
شگفتہ کا کہنا ہے کہ جب وہ کراچی ائیرپورٹ پر پہنچیں تو جمع کروائے گئے بیگ میں موجود ان کے زیورات کے ڈبے خالی تھے، جس پر انہوں نے فوری طور پر پی آئی اے کے متعلقہ کاؤنٹر سے رابطہ کیاتھا اور واردات پر فوری ایکشن کرنے کی درخواست بھی کی تھیلیکن متعلقہ عملے نے تعاون نہیں کیا اور انہیں بتایا کہ متعلقہ لوڈرز کی شفٹ ختم ہوگئی ہے اس لیے انہیں پکڑا نہیں جاسکتا۔
جبکہ پی آئی اے کی جانب سے مسافروں کا سامان چوری کرنے والے پی آئی اے کے 5 ملازمین کو گرفتارکر لیا گیا ہے۔شگفتہ کا کہنا ہے کہ ان کے بار بار کہنے کے باوجود بھی پی آئی اے کے عملے نے متعلقہ جگہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج چیک نہیں کی۔ خاتون نے کہا کہ ان کے دباو¿ ڈالنے پر پی آئی اے کے ایک افسر نے بد تا میزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زیورات چوری کرنے کا الزام الٹا انہیں کے گھر والوں پر لگا دیا۔
خاتون کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے عملے سے بددل ہوکر وہ فوری طور پر سیالکوٹ ائیر پورٹ پہنچیں اور ائیرپورٹ حکام سے سی سی ٹی وی کے ساتھ اسکیننگ مشین کا ریکارڈ چیک کیا تو ان کے بیگ میں تمام زیورات تر نظر آ رہے تھے۔خاتون کا کہنا تھا کہ انھوں نے کراچی اور سیالکوٹ میں پی آئی اے، ائیر پورٹ سیکیورٹی فورس(اے ایس ایف) اور سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے) میں شکایت درج کرادی ہے جب کہ سیالکوٹ تھانے میں بھی مقدمہ کے اندراج کے لیے تحریری طور پر درخواست دائر کر دی ہے۔سول ایوی ایشن اور اے ایس ایف نے اس واردات کی تصدیق کر دی اور بتایا ہے کہ ملزمان کو تلاش کیا جا رہا ہے۔