پیمرا جنسی زیادتی کے شکار بچوںکے انٹرویوز دکھانے جیسے پروگراموں کے حوالے سے متعلقہ قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائے، صدر مملکت کی ہدایت

 
0
236

اسلام آباد دسمبر 04 (ٹی این ایس): صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پیمرا کو جنسی زیادتی کے شکار بچوںکے انٹرویوز دکھانے جیسے پروگراموں کے حوالے سے متعلقہ قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ بدھ کو ایک ٹویٹ میں صدر مملکت نے کہا کہ ایک ٹی وی چینل کے اینکر نے لوگوں کے سامنے جنسی زیادتی کے شکار بچوں کے انٹرویو کئے اور انہیں ٹیلی کاسٹ کیا گیا اور اس چیز کا بھی خیال نہیں رکھا گیا کہ اس کے نفسیاتی اور سماجی اثرات کیا ہوں گے اور ان پھول جیسے بچوں کا مضحکہ اڑایا جائیگا۔
صدر مملکت نے کہا کہ اس معاملے سے انہوں نے چیئرمین پیمرا کو بھی آگاہ کیا لیکن اس کے باوجود یہ پروگرام دوبارہ ٹیلی کاسٹ ہوگیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کے حوالے سے قوانین ہوں گے لیکن ان پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں اس طرح نہیں ہوتا، یہ انتہائی افسوسناک ہے۔