کسی قیمت پر ملکی استحکام خراب نہیں ہونے دیں گے

 
0
12505

راولپنڈی دسمبر 18 (ٹی این ایس): آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کا کہنا ہے کہ کسی قیمت پر ملکی استحکام خراب نہیں ہونے دیں گے، ہم تمام ملک دشمن قوتوں کو ناکام کرتے ہوئے ملک میں استحکام لائے ہیں، قیام پاکستان سے لے کر اب تک بہادر کمانڈو افسروں اور جوانوں نے ملکی دفاع کیلئے بے شمارخدمات سرانجام دی ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے بدھ کے روز اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے ایس ایس جی کمانڈوز سے خصوصی خطاب بھی کیا۔ کمانڈوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے سپہ سالار کا کہنا تھا کہ ہم تمام ملک دشمن قوتوں کو ناکام کرتے ہوئے ملک میں استحکام لائے ہیں اور کسی قیمت پر ملکی استحکام پر آنچ آنے نہیں دیں گے۔ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ ایس ایس جی کمانڈوز ہمارا فخر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قیام پاکستان سے لے کر اب تک بہادر کمانڈو افسروں اور جوانوں نے ملکی دفاع کیلئے بے شمارخدمات سرانجام دی ہیں۔