آئندہ چار سال کے دوران مدارس کے تمام طلباء سرکاری بورڈز کے تحت میٹرک اور ایف ایس سی کے امتحانات دیں گے،شفقت محمود

 
0
491

اسلام آباد دسمبر 19 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ آئندہ چار سال کے دوران مدارس کے تمام طلباء سرکاری بورڈز کے تحت میٹرک اور ایف ایس سی کے امتحانات دیں گے، حکومت مدارس کے طلباء کے ویزوں، بینک اکائونٹس اور تمام انتظامی معاملات میں مدد فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نیشنل ایجوکیشن فائونڈیشن (این ای ایف) بلڈنگ میں وفاقی ڈائریکٹوریٹ برائے مذہبی امور کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارت تعلیم نے ابتدائی طور پر ملک کے مختلف ریجنز 16 دفاتر کھولے ہیں جہاں مدارس کی رجسٹریشن کی جائے گی جہاں رجسٹریشن کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے بچوں کو عصری تعلیم دینا انتہائی ضروری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے حکومت نے 2 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا ہے، کام کی اہمیت کے مقابلہ میں انتہائی معمولی رقم ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مدارس کے طلباء کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ہم نے حکومت میں آنے سے قبل یکساں تعلیمی نصاب کے نفاذ کا تہیہ کیا تھا جبکہ حکومت میں آنے کے فوراً بعد ہم نے اس مقصد کیلئے قومی نصاب کونسل تشکیل دیدی ہے جو پرائمری تعلیم تک یکساں نصاب تیار کر رہی ہے، یہ نصاب مارچ 2020ء تک اشاعت کیلئے بھیج دیا جائے گا جس کے بعد باقاعدہ اساتذہ کو فراہم کر دیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں سرکاری تعلیمی اداروں کے نصاب کو یکساں کرنے کی بات کی گئی جبکہ موجودہ حکومت نے مدارس کو بھی یکساں نظام تعلیم کا حصہ بنایا جس کے بعد مدارس کے طلباء میٹرک اور ایف ایس ایس کے امتحانات دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نصاب تعلیم کے حوالہ سے موجودہ حکومت انقلابی تبدیلیاں کر رہی ہے۔