سی پی او راولپنڈی کے حکم پر راولپنڈی پولیس کا کریمینل گینگز کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری، کاروائی کے دوران ”333“ گینگ کا اہم کا رکن گرفتار، اسلحہ آتشیں برآمد

 
0
671

راولپنڈی دسمبر 20 (ٹی این ایس): تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس آفیسر محمد احسن یونس کی ہدایات پر کریمینل گینگز کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے، آپریشن کے دوران تھانہ آر اے بازار پولیس نے “333”گینگ کا اہم کارکن گرفتار کرلیا، ایس پی پوٹھوہار سید علی نے سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد احسن یونس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس ڈویژن پوٹھوہار کریمنل گینگز کے خلاف بلاتفریق کاروائی کررہے ہیں، جس کے تحت ایس ایچ او تھانہ آراے بازار یاسر محمود نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مصدقہ اطلاع پر چھاپہ مار کر ”333“ گینگ کا اہم کارکن عبیداللہ کو گرفتار کر لیااور ملزم سے اسلحہ آتشیں بھی برآمد کرلیاگیا،ایس پی نے بتایا کہ گرفتار ملزم راولپنڈی اور اس کے گردو نواح میں رقم کے عوض ہوائی فائرنگ کرتا تھا، ملزم سوشل میڈیا پر اپنی قانون شکنیوں کی ویڈیوز اور تصاویر اپ لوڈ کر کے اسکی تشہیر کرتا تھا،جس کا مقصد اپنی دہشت اور خوف پھیلانا ہوتا تھا،ایس پی نے بتایا کہ گرفتارملزم”333″گینگ کی وارداتوں میں سہولت کار ہونے کے علاوہ الگ قانون شکن گینگ آپریٹ بھی کرتا تھا، سی پی محمد احسن یونس نے کہا کہ راولپنڈی پولیس کو یہاں کی قانون پسندعوام کی مکمل معاونت سے کریمینل گینگز کے خلاف آپریشن میں اہم کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں،ہم نے ایک ایک قانون شکن کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لانا ہے،سی پی او نے کہا کہ گرفتار ملزم سے گینگ کے دیگر کارکنوں اور ساتھیوں کے متعلق معلومات حاصل کرکے انہیں بھی گرفتار کیا جائے اور گرفتار ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے تاکہ عدالت سے کڑی سزا دلوائی جا سکے۔