سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے مرکز G-6 کے پلاٹ نمبر26 پر جاری تعمیراتی کام کو روک دیا

 
0
413

اسلام آباد دسمبر 23 (ٹی این ایس): سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے مرکز G-6 کے پلاٹ نمبر26 پر جاری تعمیراتی کام کو روکنے کے ساتھ ساتھ مذکورہ عمارت کو بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر سر بمہر بھی کر دیا گیا ہے۔مذکورہ عمارت کو کچھ عرصہ قبل بیسمنٹ میں پارکنگ کے بجائے سیو مارٹ سٹور چلانے پر بھی سر بمہر کیا گیا تھا جبکہ بلا اجازت اور غیر قانونی طور پر عمارت کی بالائی منزلوں پر جاری کام کو بھی رکوایا گیا تھا تاہم اتھارٹی کے مشاہدہ میں آیا کہ بلڈنگ کے مالک نے دوبارہ تعمیراتی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں جس پر فوری کاروائی عمل میں لاتے ہوئے اتوار کے روز نہ صرف تعمیراتی سرگرمیوں کو رکوایا گیا بلکہ عمارت کو سر بمہر بھی کر دیا گیا۔ اس آپریشن میں سی ڈی اے کی بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، اسلام آباد انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس نے بھی حصہ لیا۔

اتوار کے روز کیے گئے آپریشن کے دوران تعمیراتی سرگرمیوں کو رکوانے کے ساتھ ساتھ عمارت کو سر بمہر بھی کر دیا گیا ہے جبکہ بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے عمارت کے مالک سے عمارت میں دوبارہ تعمیراتی سرگرمیاں شروع نہ کرنے اور سی ڈی اے کے بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی نہ کرنے کی تحریری یقین دہانی بھی لے لی ہے تاکہ اس بلڈنگ میں دوبارہ نان کنفرمنگ استعمال میں نہ لانے کے ساتھ بائی لاز کی خلاف ورزی نہ ہو سکے۔