بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر رضامند ہوگئی بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹونٹی سیریز پاکستان میں کھیلنے کی رضامندی ظاہر کردی

 
0
738

لاہور دسمبر 25 (ٹی این ایس) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان پر مشروط رضامندی ظاہر کردی۔ نجی اخبار کے ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹونٹی سیریز پاکستان میں کھیلنے پر رضامند ظاہر کردی ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم اگلے سال پاکستان کا دورہ کرے گی۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا یہ دورہ اگلے سال جنوری میں ہوگا۔ سیریز میں تین ٹی ٹونٹی انٹر نیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ میچز فی الحال پاکستان میں کھیلنے سے انکار کردیا ہے اور موقف اپنایا ہے کہ وہ اپنی ٹیم کو ایک مرتبہ پاکستان میں ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے کیلئے بھیجنا چاہتے ہیں، اگر بورڈ اور کھلاڑی سیکیورٹی صورتحال سے مطمئن ہوگئے تو ٹیم ٹیسٹ سیریز بھی پاکستان میں ہی کھیلے گی۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی کوششیں بالآخر کام آگئی ہیں اور اب بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر رضامند ہوگئی ہے۔ یاد رہے کہ پچھلے کچھ مہینوں سے پی سی بی کوششیں کر رہا تھا کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے، جس کیلئے ایم ڈی پی سی بی وسیم خان اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور کچھ سینئر کھلاڑیوں کو دورے پر تحفظات ضرور تھے لیکن اب یہ تحفظات دور ہوچکے ہیں، لیکن یہ تحفظات ٹیسٹ سیریز کو لے کر اب بھی موجود ہیں۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے تمام سینئر کھلاڑی پاکستان کے دورے میں ٹیم کا حصہ ہوں گے جن میں مشفیق الرحیم اور تمیم اقبال زیر فہرست ہیں۔