حکومت کا دیہاڑی داروں کو لنگرخانوں سے کھانے کی سہولت دینے کا فیصلہ

 
0
264

اسلام آباد دسمبر 31 (ٹی این ایس): حکومت نے دیہاڑی داروں کو لنگرخانوں سے کھانے کی سہولت دینے کا فیصلہ کرلیا۔ معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اگر کسی دیہاڑی دار کو دیہاڑی نہیں ملتی، وہ لنگرخانے سے اپنے بچوں کیلئے کھانا لے جاسکے گا،اس مقصد کیلئے ہر شہر میں لنگر خانے کھولیں جائیں گے،کابینہ نے لنگر خانے اور پناہ گاہوں کے پروگرام کو سراہا۔ انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ کابینہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا۔
مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو 148دن ہوگئے ہیں،کابینہ نے بھارتی اقدامات کی بھرپور مذمت کی، بھارت نسل پرستی اور فسطائی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ بین الاقوامی ادارے کشمیریوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں وفاقی وزیر شہریار آفریدی نے رانا ثناء اللہ کے کیس پر کابینہ کو بریفنگ دی، جس سے معلوم ہوا کہ رانا ثناء اللہ کیخلاف ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔
نیب آرڈیننس سے متعلق بھی معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 2020ء عوام کی ترقی، خوشحالی اور ریلیف کا سال ہوگا۔ جس میں معیشت کے مستحکم ہونے کے فوائد عام شہریوں کو منتقل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شدید موسم کی ٹھٹھرتی سردی میں جو وزیراعظم نے پناہ گاہیں اور کھانا فراہم کیا، اس سے ریاست مدینہ کے عظیم مشن کی کاوش کی گئی، کابینہ اس عمل کو سراہا، لنگر خانے اور پناہ گاہوں کو مزید تقویت دی جائے گی۔
فردوس عاشق نے کہا کہ اگلے سال کے آغاز میں جنوری میں یوٹیلٹی اسٹور پربنیادی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ جنوری میں بنیادی اشیائے خوردونوش آٹا، چینی چاول، گھی اور دالیں ان پر 6ارب کی سبسڈی کا پروگرام لایا جارہا ہے۔جنوری میں ہی پسے ہوئے طبقات کی ذمہ داری اٹھانے جارہے ہیں،فنانشل اسسٹنٹ کارڈ کا اجراء کیا جارہا ہے، ایسے افراد کیلئے ہیلتھ کارڈ کے ذریعے طبی ضروریات بھی پوری کی جائیں گی۔اسی طرح دیہاڑی دار لوگوں کو اگر دیہاڑی نہیں ملتی، تو وہ لنگرخانے میں سے اپنے بچوں اور اپنا پیٹ پالنے کیلئے مدد دی جائے گی۔اسی طرح ہر شہر میں لنگر خانے کھولیں جائیں گے۔