تعلیمی اداروں کیلئے موسم سرما کی تعطیلات میں ایک ہفتے سے زائد کا اضافہ کر دیا گیا

 
0
477

کوئٹہ جنوری 01 (ٹی این ایس): تعلیمی اداروں کیلئے موسم سرما کی تعطیلات میں ایک ہفتے سے زائد کا اضافہ کر دیا گیا، بلوچستان کے گرم علاقوں میں تعلیمی ادارے یکم جنوری کی بجائے اب 10 جنوری کو کھلیں گے، فیصلہ سردی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم بلوچستان نے بلوچستان کے گرم علاقوں میں سردی کی چھٹیوں میں دس روز کا اضافہ کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جاری کردہ نئے نوٹیفیکیشن کے مطابق گرم علاقوں کے سرکاری اسکول یکم جنوری سے 10 جنوری 2020 تک بند رہیں گے۔
اسکولوں کیلئے موسم سرما کی چھٹیوں میں اضافہ صوبے میں سردی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ اس سے قبل محکمہ تعلیم بولچستان نے 21 دسمبر 2019 کو اسکول کی چھٹیوں میں اضافہ کرتے ہوئے 31 دسمبر تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ دوسری جانب بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت میں مزید اور ریکارڈ اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر چکا ہے۔ قلات منفی 5 ، کوئٹہ منفی 3 اور ژوب میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ صوبے کے دارالحکومت کوئٹہ میں بھی سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔