شہریوں کے تحفظ کیلئے سماج دشمن عناصر کے خلاف سرچ آپریشنز اور سنیپ چیکنگ کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے ‘ آئی جی پنجاب

 
0
240

لاہور جنوری 01 (ٹی این ایس): انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر کی ہدایت پر صوبہ بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ تیز ی سے جاری ہے ۔ اسی سلسلہ میں ڈی پی او جھنگ محمد حسن رضا خان نے کہا ہے کہ ضلع جھنگ میں امن و امان برقرار رکھنے،منشیات جیسی لعنت کے مکمل خاتمے،جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے پولیس دن رات مصروف عمل ہے اور آئی جی پنجاب کے احکامات کے مطابق کمیونٹی پولیسنگ،بروقت انصاف کی فراہمی،لوگوں کے جان و مال اور عزت کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور اس سلسلہ میں جھنگ پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث مجرمان اشتہاری، عدالتی مفروران، چوروں، ڈکیتوں، منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف سخت کاروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کر دیا گیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ میں جھنگ پولیس نی159 اشتہاری مجرمان، 97عدالتی مفروران اور 30عادی مجرمان گرفتار کئے جن میں اے کیٹیگری کی17 اشتہاری مجرم بھی شامل ہیں جبکہ مختلف وارداتوں میں ملوث 03 گینگز کو بھی ٹریس کرکے ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اسی طرح جھنگ کو منشیات سے پاک کرنے کے لئی68 منشیات فروشوں کو قانون کے شکنجے میں لا کر پابند سلاسل کرایا گیا اور ان کے قبضے سے چرس31.049کلوگرام،ہیروئن0.135 کلو گرام، لہن 95 لیٹر، شراب کی 931 بوتلیں اور 03 چالو بھٹیاں بھی برآمدکی گئیں۔
نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرتے ہوئے جھنگ کو نا جائز اسلحہ سے پاک کرنے کی مہم کے دوران 54 ملزمان کو گرفتار کر کے انکے خلاف مقدمات کا اندراج کیا گیا۔ ملزمان کے قبضہ سے بندوق07عدد، رائفل02 عدد، ریوالور03 عدد، پسٹل39 عدد اور105عددکارتوس برآمدکئے گئے۔ لاؤڈ سپیکر کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف08 مقدمات درج کرکے قانونی کاروائی کی گئی ہے۔ کھلا پٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف 10 مقدمات، کرایہ داری ایکٹ کے تحت 03 مقدمات،غیر قانونی گیس کی ری فلنگ کرنے پر28 مقدمات اور بجلی چوری کرنے پر 26 مقدمات درج کئے گئے۔
گاڑیوں میں غیر قانونی گیس سلنڈر استعمال کرنے پر 32 مقدمات درج رجسٹر کئے گئے۔پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت 07 مقدمات، آتش بازی کرنے والوں کے خلاف 02 مقدمات، فرٹیلائزر ایکٹ کے تحت 02 مقدمات، چائلڈ لیبر ایکٹ کے تحت 01 مقدمہ، ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت 09 مقدمات اور سکیورٹی ایکٹ کے تحت 05 مقدمات درج رجسٹر کر کے ذمہ داران کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی ہے، اس کے علاوہ ڈکیتی،رہزانی، چوری،مویشی چوری کے مقدمات میں ملوث ملزمان کوگرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 1137201 روپے مالیت کامال مسروقہ برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کیا گیا ہے ۔
ڈی پی او جھنگ نے کہا ہے کہ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی ہدایات پر ضلع بھر میں امن و امان کے قیام اورجرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے سرچ آپریشنز اور سنیپ چیکنگ کا عمل مزید تیز کیا جا رہا ہے اور ضلعی پولیس کو ہدایات دی گئی ہیں کہ ایس او پیز کے مطابق ان آپریشنز کے دوران قانون پسند شہریوں کی سہولیات کو ہر صورت مد نظر رکھا جائے ۔