کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، موسم سہانا ہوگیا

 
0
1130

کراچی جولائی19( ٹی این ایس ) کر اچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے موسم سہانا ہوگیا،کئی سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک جام ہوگیاجبکہ کئی علاقوں میں بجلی کے فیڈر ٹرپ کرگئے ۔محکمہ موسمیات نے شہر میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی اور کہا کہ 22اور 23جولائی کو کراچی سمیت سندھ بھر میں برسات ہوگی ۔کراچی میں بدھ کی صبح سے ہی موسم شدید گرم تھا اور سورج بھی آگ برسا رہا تھا لیکن اچانک سے شہر پر کالی گھٹائیں چھاگئیں جس کے بعد مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا اورشارع فیصل ، آئی آئی چندریگرروڈ ،ڈیفنس کلفٹن،اورنگی ٹاؤن،لیاقت آباد ،صدر ،بفرزون،ناظم آباد ،گولیمار،شاہ فیصل کالونی ،ملیر ،کالابورڈ ،کورنگی سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی ۔ کچھ علاقوں میں ہلکی بارش دیکھنے میں آئی۔بارش سے شہر کا موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا اور شہری بارش سے لطف اندوز ہونے کے لیے گھروں سے باہر نکل آئے جبکہ بارش سے کئی علاقوں میں نکاسی آب کا نظام بہتر نہ ہونے کے سبب پانی بھی کھڑا ہوگیا۔شہر میں بارش کے باعث مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی صورتحال بھی خراب ہوگئی ، موٹرسائیکل سواروں کے سلپ ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں، بارش سے کے الیکٹرک کے کئی فیڈرز ٹرپ کرگئے، جس سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ مون سون کے تیسرا سسٹم 22 اور 23 جولائی کو سندھ میں داخل ہوسکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر شاہد عباس کے مطابق خلیج بنگال میں مون سون کا ایک اور سسٹم بن رہا ہے اور امکان ہے کہ 22 اور 23 جولائی کو یہ کراچی سمیت سندھ بھرمیں بارشیں ہوں گی ۔ذرائع موسمیات کا بتانا ہے کہ یہ ابھی دور کی پیشن گوئی ہے اس میں تبدیلی بھی آسکتی ہے۔