سی پیک کے تحت پہلے خصوصی اقتصادی زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آبادکا افتتاح کل ہو گا

 
0
472

اسلام آباد جنوری 02 (ٹی این ایس): چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت قائم ہونے والے پہلے خصوصی اقتصادی زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آبادکا افتتاح آج ()جمعہ 3 جنوری کو)( ہو گا ، اس زون سے تقریباً 3 لاکھ افراد کو روزگار کے مواقع اور 400 ارب روپے کی سرمایہ کاری حاصل ہو گی۔ سی پیک اتھارٹی کے حکام کے مطابق اقتصادی ترقی موجودہ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں بنیادی انفراسٹرکچر کی تعمیر بروقت یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقہ ادارے کام کر رہے ہیں۔
اقتصادی زون (ایم 3) کیلئے 3000 ایکڑ اراضی حاصل کی جا چکی ہے اور صنعتی بستی کے قیام کیلئے اقدامات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، یہ زون سٹی سنٹر سے 36 کلومیٹر، ایئرپورٹ سے 52 کلومیٹر، ایم۔ 4 موٹروے سے صفر کلومیٹر، ریلوے سٹیشن سے 10 کلومیٹر اور ڈرائی پورٹ سے 20 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، یہ زون ساہیانوالہ انٹرچینج سے منسلک ہو گا۔ اقتصادی زون میں پھلوں اور اشیائے خوراک کی پیکیجنگ، ٹیکسٹائل سٹچنگ و نٹنگ، فارماسوٹیکلز، کیمکلز، پلاسٹکس، انجینئرنگ اور دیگر متعلقہ صنعتوں کے قیام اور ان کیلئے سہولیات پر توجہ دی جا رہی ہے۔
اس علاقے میں صنعتی بستی کے قیام کی تجویز صوبائی حکومت کی طرف سے آئی تھی اور اس میں وفاقی حکومت کی طرف سے کوئی مداخلت نہیں کی گئی ۔ حکام کے مطابق سی پیک کے دوسرے مرحلہ کے تحت پاکستان میں چین کے تعاون سے صعنتی انقلاب برپا ہو گا‘ اس مرحلے میں ملک کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، فاٹا اور آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 9 صنعتی زون بنائیں جائیں گے ۔