وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو خراب موسم کے پیش نظر ہوائی اڈوں پر مسافروں کی آسانی کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دینے کی ہدایت

 
0
277

اسلام آباد جنوری 02 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو موسم کی خراب صورتحال کے پیش نظر ہوائی اڈوں پر مسافروں کی آسانی کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ وزارت ہوابازی کے ترجمان کی طرف سے جمعرات کو یہاں جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر نے ہوائی اڈے کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او)، ایئر پورٹ مینیجر (اے پی ایم)، ٹرمینل مینیجر (ٹی ایم)، ڈیوٹی ٹرمینل مینیجر (ٹی ٹی ایم) اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں دھند اور موسم کی موجودہ خراب صورتحال کی وجہ سے تاخیر سے اڑنے والی پروازوں کے مسافروں کے لیے آسانی پیدا کریں اور تمام ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔
ایئر پورٹ مینیجرز (اے پی ایم) ، ڈپٹی ایئر پورٹ مینیجرز (ڈپٹی اے پی ایم) اور ٹرمینل مینیجرز (ٹی ایم) کو پریشان کن صورتحال کی نگرانی کے لیے لاؤنجز اور بورڈنگ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ تمام ایئر پورٹ مینیجرز (اے پی ایم) اور چیف آپریٹنگ آفیسرز (سی او اوز) کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دیں اور کام کے اوقات کے بعد اپنی دستیابی کو یقینی بنائیں۔
ایک سینئر افسر ڈپٹی ایئر پورٹ مینیجر (اے پی ایم) ، ٹرمینل مینیجر (ٹی ایم) کو اس ٹیم کی سربراہی کرنی چاہیے جس میں تمام سٹیک ہولڈرز یعنی ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف)، ایئر لائن اور زمینی ہینڈلنگ کے نمائندے شامل ہوں تاکہ تاخیر سے پروازوںاور ان کے مسافروں کو سنبھال سکیں، یہ ٹاسک فورس معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کے تحت کام کرے گی۔