وزیراعظم عمران خان نے دو اہم قومی ایشوز اپنے ایگزیکٹو اختیارات پارلیمنٹ کو ریفر کر دیئے ہیں،

 
0
221

اسلام آباد جنوری 02 (ٹی این ایس): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دو اہم قومی ایشوز اپنے ایگزیکٹو اختیارات پارلیمنٹ کو ریفر کر دیئے ہیں، قومی سلامتی سمیت تمام اہم ریاستی اداروں کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، حکومت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن بھی قومی سلامتی کی اتنی ہی ضامن ہے، امید ہے کہ پارلیمنٹ اتفاق رائے سے آئینی مسئلے کا مستقل حل کر دے گی، ہمسایہ ملک میں آرمی چیف کی توسیع کے لئے صرف وزیر دفاع نے اپنے اختیارات استعمال کیے ہیں وہاں پر اس معاملے پر کوئی ہیجان پیدا نہیں ہوا۔
وہ جمعرات کو براق ہائی ٹیک سروسز کے اجراء کی تقریب سے خطاب کر رہیں تھیں۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں کے حوالے سے ہم سب کا کردار ذمہ دارانہ ہونا چاہیے، قومی سلامتی، استحکام ، وقار اور تشخص کا تحفظ اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایگزیکٹو اختیارات ہونے کے باوجود ان دو اہم قومی ایشوز کے حل کے لئے پارلیمنٹ سے رجوع کیا ہے، اپوزیشن کی تمام جماعتیں بھی قومی سلامتی اور قومی مفادات کی بھی اتنی ہی ضامن ہیں جتنی حکومت ضامن ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی شناخت کے ایشوز کو سیاست سے پاک ہونا چاہیے اور ان ایشوز کو سیاست زدہ کرنے کی روایت ختم ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی اور عسکری قیادت مل کر نئی سوچ اور امیج کے ساتھ ملک کومعاشی، سمیت ہر محاذ پر مضبوط اور مستحکم کر رہی ہے ۔انہوں نے اہم قومی ایشوز پر میڈیا کے ذمہ دارانہ کردارکی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے میڈیا نے ہمیشہ قومی ایشوز اور ملکی مفاد میں مثبت کردار ادا کیا ہے امید کرتے ہیں کہ ان ایشوز پر بھی میڈیا اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا ۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تارکین وطن آج اپنے عظیم وطن پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کے لئے پرعزم ہیں ، بیرونی ممالک میں رہ کر زرمبادلہ اکٹھا کرنے والے پاکستان میں آکر وزیراعظم عمران خان کی حکومت اور ان کی پالیسیوں پراعتماد کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے ذریعے روزگار کے مواقع پیدا کررہے ہیں۔
جب ایک خاندان کو روزگار ملتا ہے تو وہ محنت اور لگن سے تحفظ اور ریاستی سرپرستی کا اعتراف کرتے ہوئے ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ کاروبار میں آسانیاں پیدا کر نے ،روزگار اور دولت پیدا کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں ،نیا شروع ہونے والا سال 2020 امید ،ریلیف اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا ،رواں سال پسے ہوئے طبقات کی ترقی اور انھیں قومی دھارے میں لانے کا سال ہوگا ، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پسے ہوئے طبقات کو ان کا حق دلانا اولین ترجیح ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بھی انتہائی مسرت کی بات ہے کہ وزیراعظم کے پناہ گاہ اور لنگر خانوں کے منصوبوں کی آنرشپ اورسیز پاکستانیوں نے لے لی ہے ماضی میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی ۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے، وزیراعظم دن رات محنت کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پر جہاں پاکستان کے 22کروڑ عوام اعتماد کر رہے ہیں وہی خطے اور مسلم ممالک کی قیادت بھی وزیراعظم پر اعتماد کر رہی ہے۔
آج یو اے ای کے سربراہ کا پاکستان کا دورہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار پاکستان دنیا کے سرمایہ کاروں کا کھلے دل سے خیر مقدم کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان ہماری حقیقت قوت ہیں، ہمارے اووسیز ان نوجوانوں کی ترقی کے لئے جو کردار ادا کررہے ہیں وہ لائق تحسین ہیں۔