ماضی میں علاقائی تنازعات کی وجہ سے پاکستان نے بہت نقصان اٹھایا، اب خطہ میں کسی تنازعہ کا حصہ نہیں بنے گا تاہم ہمیشہ امن کے شراکت دار کے طور پر کردار ادا کرتا رہے گا

 
0
221

اسلام آباد جنوری 08 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں علاقائی تنازعات کی وجہ سے پاکستان نے بہت نقصان اٹھایا، اب خطہ میں کسی تنازعہ کا حصہ نہیں بنے گا تاہم ہمیشہ امن کے شراکت دار کے طور پر کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے یہ بات سے عمان کے وزیر برائے اوقاف اور مذہبی امور شیخ عبد اللہ بن محمد بن عبد اللہ اسالمی سے بدھ کو یہاں ملاقات میں کہی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سلطان قابوس بن سید السید کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پاکستان اور عمان کے مابین روایتی طور پر قریبی برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے 5 ماہ سے زیادہ عرصہ سے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر انسانی لاک ڈاؤن سے پیدا ہونے والی انسانی حقوق اور انسانیت سوز صورتحال پر روشنی ڈالی ، اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے خلاف بی جے پی حکومت کی امتیازی پالیسیوں کا ذکر کیا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ عالمی برادری کو اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔ ملاقات میں مشرق وسطی اور خلیجی خطہ میں حالیہ پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ خطہ کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کشیدگی کے خاتمہ کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔
ماضی میں علاقائی تنازعات کی وجہ سے پاکستان کو ہونے والے نقصانات کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے واضح کیا کہ پاکستان خطہ میں کسی تنازعہ کا حصہ نہیں بنے گا۔ وزیراعظم نے اختلافات اور تنازعات کے پرامن حل کیلئے امریکہ اور ایران کے ساتھ ساتھ ایران اور سعودی عرب کے مابین رابطوں کی سہولت کیلئے اپنی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا شراکت دار ہو گا۔ اس سلسلہ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تناؤ کو ختم کرنے، تنازعات کو روکنے اور امن کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔