سی ڈی اے کے کیپٹل ہسپتال میں قوت سماعت و گویائی کے امپلانٹ سینٹر میں ملک بھر سمیت دیگر کئی ممالک سے بھی مریض مستفید ہو رہے ہیں، چئیرمین سی ڈی اے

 
0
1205

اسلام آباد جنوری 08 (ٹی این ایس): سی ڈی اے کے کیپٹل ہسپتال میں قوت سماعت و گویائی کے امپلانٹ سینٹر میں کان کے اندرونی حصوں کی سرجری سے متعلق دی جانے والی سروسز سے نہ صرف ملک میں بلکہ دیگر کئی ممالک سے علاج کے لیے سی ڈی اے کے کیپٹل ہسپتال آنے والے مریض بھی سینٹر آف ایکسیلنس میں قوت سماعت و گویائی کی مہیا کی جانیو الی جدید طبی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔ اب تک کیپٹل ہسپتال کے اس شعبے میں ملک بھر کے علاوہ دیگر ممالک سے آنے والے تین سو مریضوں کی Cochlear Implant Surgeries کے کامیاب آپریشن کیے جا چکے ہیں۔ ان مریضوں میں گونگے اور بہرے بچوں کے علاوہ بڑی عمر کے لوگ بھی شامل ہیں۔
اس ضمن میں بدھ کے روز چیئرمین سی ڈی اے نے کیپٹل ہسپتال کے سرجن ڈاکٹر جواد سے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والی ملاقات میں 300 کامیاب آپریشن کرنے پر ان کی صلاحیتوں اور خدمات کوکو سراہا۔ اس بات کا فیصلہ بھی کیا گیا کہ سی ڈی اے ہسپتال میں زیر تعمیر اضا فی بلاک میں اس مقصد کے لئے دس بیڈز بھی مختص کئے جائیں گے جبکہ موجودہ آپریشن تھیٹر کو کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ جدید مشینری اور آلات بھی خریدے جائیں گے۔ اس ضمن میں چیئرمین سی ڈی اے نے فنانس ونگ کو ہدایت کی کہ مزید جدید طبی آلات اور سامان اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لیے 40ملین روپے جاری کرے تاکہ اس شعبے میں دی جانے والی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ سی ڈی اے کے کیپٹل ہسپتال کو قوت سماعت و گویائی سے محروم مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے والے بانی ہسپتال کی حیثیت حاصل ہے جس کے لیے باقاعدہ تربیت یافتہ سرجن کام کر رہا ہے اور اس وقت تک ملک بھر کے کسی بھی سرکاری ہسپتال میں یہ جدید سہولت فراہم نہیں کی جا رہی ہے جبکہ سی ڈی اے کے کیپٹل ہسپتال میں یہ جدید سہولت انتہائی کم اخراجات پر مہیا کی جا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ اس سہولت سے نہ صرف ملک بھر کے مریض بلکہ دنیا بھر کے مختلف ممالک بشمول برطانیہ، کینڈا، سعودی عرب، بحرین، قطر، کویت، یو اے ای اور افغانستان وغیرہ سے آنے والے مریض کم اخراجات سے اس جدید طبی سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔
قوت سماعت و گویائی کے اس سینٹر کو مستقل بنیادوں پر بنائے گئے ایک میڈیکل بورڈ کی زیر نگرانی چلایا جا رہا ہے۔ اس کی مستحکم ساکھ کے باعث ملک کے علاوہ بیرون ملک بشمول یو اے ای، قطر، بحرین، انگلینڈ اور کینڈا سے اوورسیز پاکستانیز کے حوالے سے مریض رابطہ کر کے اس سے استفادہ کر رہے ہیں۔اب تک اس سینٹر میں قوت سماعت اور گویائی سے محروم بچوں اور بڑوں سمیت تین سو سے زائد کامیاب آپریشن کئے جا چکے ہیں۔