بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو سردخانے میں ڈالنے کی مذموم کوشش پاکستان کی سفارتی کوششوں نے ناکام بنا دیا، الطاف احمد بٹ

 
0
333

اسلام آباد جنوری 16 (ٹی این ایس): ممتاز کشمیری حریت پسند رہنما الطاف احمد بٹ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو سردخانے میں ڈالنے کی مذموم کوشش پاکستان کی سفارتی کوششوں نے ناکام بنا دیا، کشمیر کی سنگین صورتحال اوربھارتی مظالم کا جائزہ لینے کیلئے اقوام متحدہ کا اجلاس پاکستان کی سفارتی فتح اور کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کا نتیجہ ہے،الطاف احمد بٹ یہاں کشمیری نوجوانوں کے ایک وفد سے گفتگو کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ آج کشمیری نوجوانوں کیلئے شہید غلام رسول ڈار کی شہادت اور ان کی زندگی مشعل راہ ہے ۔آج ان کا یوم شہادت ہے ۔ہم ان کی تحریک آزادی کشمیر کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،وہ رہتی دنیا تک کشمیریوں کے دلوں میں زندہ رہینگے، الطاف احمدبٹ نے کہا کہ بھارتی مظالم کیخلاف آج ہر نوجوان اور کشمیری بچہ غلام رسول ڈار ہے ۔بھارتی افواج جنوبی کشمیر اور دوسرے علاقوں میں سرچ آپریشن کے نام پر بیگناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کرکے تحریک آزادی کشمیر کو دبانا چاہتی ہے لیکن اب ایسا ممکن نہیں رہا،کشمیری آزادی کی منزل کے قریب ہیں، الطاف احمد بٹ نے کہا کہ یہ کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ اقوام متحدہ نے بھارت کے غاصبانہ قبضے کو ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے اسے آج مستند وتسلیم شدہ عالمی تنازعہ قرار دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل کیااور بھارتی اقدامات پہ اظہار تشویش کیا، ہم سمجھتے ہیں کہ ملائشیا،ترکی اور چین سمیت دوسرے ممالک کشمیریوں کے محسن ہیں ۔الطاف احمد بٹ نے مزید کہا کہ کشمیر میں صورتحال سنگین ہے اسی لئے اقوام عالم نے اس پر اجلاس طلب کیا انہوں نے حکومت پاکستان خاص کر وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی کاوشوں سے بھارتی مذموم پروپیگینڈے کے باوجودتنازعہ کشمیر سردخانے میں نہیں ڈالا جاسکا۔