کراچی میں بچوں کے 500 بستر کے ایک مزید ہسپتال کے قیام کی ضرورت ہے،

 
0
281

اسلام آباد جنوری 20 (ٹی این ایس): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کراچی میں بچوں کے 500 بستر کے ایک مزید ہسپتال کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی شہر کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر حصوں سے خصوصی علاج معالجہ کیلئے آنے والے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر یہ بہت اہم ہے، سرکاری ہسپتالوں پر بوجھ زیادہ ہے، اس سلسلہ میں ٹھوس اور طویل المدتی اقدامات کرنا ہوں گے۔
پیر کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کے اچانک کے دورہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ اس دورہ میں انہوں نے ایک بستر پر چار سے پانچ مریض بچے دیکھے ہیں اور یہ انتہائی تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال ہسپتال پر مریضوں کے بوجھ اور مالی مشکلات کا ظاہر کرتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں صدر مملکت نے کہا کہ انہوں نے این آئی سی ایچ میں پیش آنے والے حالیہ افسوسناک واقعہ کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں جس میں ایک قیمتی جان ضائع ہوئی۔
ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے دی جانے والی پریزنٹیشن کے مطابق این آئی سی ایچ میں 70 انکوبیٹرز ہیں۔ صدر مملکت نے خاتون اول بیگم ثمینہ علوی کے ہمراہ ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور زیر علاج بچوں میں تحائف تقسیم کئے۔ اس موقع پر انہوں نے مریض بچوں کے ساتھ آنے والوں کے مسائل بھی دریافت کئے اور اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ ان میں سے اکثریت کو ادویات اور دیگر ضروری چیزیں ہسپتال کے باہر سے خریدنی پڑتی ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ یہ ایک بڑا چیلنج ہے کیونکہ سرکاری ہسپتالوں پر بوجھ زیادہ ہے، اس سلسلہ میں ٹھوس اور طویل المدتی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، اس حوالہ سے مخیر حضرات اور اداروں کا تعاون قابل ستائش ہے۔ بعد ازاں صدر مملکت نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزز کا بھی دورہ کیا۔