ترکی میں زلزلے سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 18 ہو گئی

 
0
400

ایلیزگ جنوری 25 (ٹی این ایس): ترکی میں زلزلے سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 18 جبکہ زخمیوں کی تعداد 300 سے بڑھ کر 500 ہو گئی، ملبے تلے دبے 30 افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری۔ تفصیلات کے مطابق ترکی کے مشرقی علاقے میں واقع صوبہ ایلیزگ میں خوفناک زلزلے کے باعث علاقہ لرز اٹھا ہے جس کے نتیجے میں قیمتی جانی نقصان اور زخمی افراد کے تعداد میں بھی بدستور اضافہ ہو رہا ہے۔


ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاک افراد کی تعداد 8 بتائی جا رہی تھی جو کہ بعد ازاں بڑھ کے 14 ہو گئی تھی، تاہم تازہ اطلاعات کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 18 ہو گئی ہے جبکہ ملبے تلے دبے متعدد افراد کو نکالنے کی کوششیں ابھی جاری ہیں۔ غیر ملکی رساں ادارے کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 18 ہو چکی ہے جبکہ زخمی افراد کی تعداد 500 بتائی جا رہی ہے۔
مزید تفصیلات کے مطابق ترکی 9۔6 شدت کے زلزلے سے لرز اٹھا ہے، زلزلہ ترکی کے مشرقی علاقے میں آیا۔ اس سے قبل متعدد عمارتیں گرنے اور ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا تاہم بعدازاں ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہونا شروع ہو گئی تھیں، تازہ اطلاعات کے مطابق 18 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی جا چکی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ترکی کے مشرقی علاقے خوفناک زلزلے سے لرز گئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ ترکی کے مشرقی علاقوں میں جمعہ کی شب کو تقریباً 9۔6 شدت کا زلزلہ آیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مزید تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ اس کے بعد متاثرہ علاقوں کا رابطہ دیگر علاقوں سے کٹ گیا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ یہ زلزلہ صرف ترکی نہیں بلکہ مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک میں بھی محسوس کیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے، اسرائیل، عمان، شام، اردن، لبنان اور دیگر میں بھی محسوس کیے گئے۔ اس زلزلے کو حالیہ کچھ عرصے کے دوران اس خطے میں آنے والا سب سے شدید زلزلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ واضح رہے ایشیا کا خطہ گزشتہ کچھ عرصے سے مسلسل شدید زلزلوں کی زد میں ہے۔ پاکستان بھی مسلسل زلزلوں کے باعث متاثر ہو رہا ہے۔ جبکہ سال 2020 کے آغاز میں ماہرین نے پیشن گوئی کی تھی کہ رواں سال دنیا کے مختلف خطوں میں تباہ کن زلزلے آنے کا خدشہ ہے۔