اسلام آباد کے سیکٹرE-12 کی سروس روڈ (نارتھ) پر تعمیراتی کام بھرپورطریقے سے جاری

 
0
980

اسلام آباد جنوری 25 (ٹی این ایس): اسلام آباد کے سیکٹرE-12 کی سروس روڈ (نارتھ) پر تعمیراتی کام بھرپورطریقے سے جاری ہے۔ سروس روڈ (نارتھ) کا ارتھ ورک فلنگ اور کٹنگ کا50 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ ارتھ ورک کا مکمل کام فروری کے مہینے میں مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد اس سڑک کی سب گریڈنگ کا کام شروع کر دیا جائے گا اور اس سڑک کی تعمیر کو مقرر وقت ہی میں مکمل کرلیا جائیگا۔ کنٹریکٹ کے مطابق کنٹریکٹر ناصرف اس روڈ کی تعمیر مکمل کرے گا بلکہ اس میں آنے والے دو کلورٹس کی تعمیر کے علاوہ ڈرینج سسٹم کا کام بھی مکمل کرے گا۔

97.107 ملین لاگت سے تعمیر ہونے والی یہ سڑک سیکٹرE-12 کے ترقیاتی کاموں کا پہلا مرحلہ ہے کیونکہ سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی (CDA-DWP) کے 45 ویں اجلاس میں سیکٹرE-12 کے تمام ترقیاتی کاموں کی تکمیل کیلئے 6630.2 ملین روپے کے پی سی ون ((PC-Iکی منظوری پہلے ہی دی جا چکی ہے۔ اس پی سی ون(PC-I) کے تحت سیکٹرE-12 میں مکمل انفرسٹرکچر بشمول میجر روڈز، سروس روڈز کی تعمیر، سیکٹر میں واٹر سپلائی سسٹم کا مکمل نیٹ ورک، ڈرینج سسٹم،پورے سیکٹر میں سٹریٹ لائٹ،اور دیگر تمام بنیادی ضروریات فراہم کی جائیں گی-

واضح رہے کہ گزشتہ تیس سالوں سے اسلام آباد کے سیکٹرE-12 میں ترقیاتی کام شروع نہ کرنے کے با عث اس سیکٹر کے ہزاروں الا ٹی اپنے پلاٹوں پر گھر بنانے سے قاصر تھے تاہم سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے سیکٹرE-12 میں ترقیاتی کاموں کو اپنی ترجیحات میں شامل کرکے ترقیاتی سرگرمیوں میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرکے نہ صرف اس روڈ کے تعمیراتی کام کے آغاز کو ممکن بنایا بلکہ تمام قواعد و ضوابط مکمل کرنے کے بعد اس کے پی سی ون (PC-I) کی باقاعدہ منظوری حاصل کی گئی تاکہ اس سیکٹر میں ترقیاتی کاموں کو نہ صرف شروع بلکہ مکمل بھی کیا جائے-

سروس روڈ نارتھ کے تعمیراتی منصوبے کی مدت تکمیل 9ماہ ہے اور سی ڈی اے انتظامیہ اس امر کو یقینی بنا رہی ہے کہ یہ منصوبہ مقررہ مدت میں ہی مکمل کرلیا جائے جس کے لئے سی ڈی اے کے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس سڑک کی تعمیر کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کو یقینی بنانے کے لیے ہفتہ وار پراگرس رپورٹ دیں –