قرضے اتارنے کیلئے ریاستی اداروں کے حصص بیچنے کی منطوری دے دی گئی

 
0
299

اسلام آباد جنوری 29 (ٹی این ایس): قرضے اتارنے کے لیے ریاستی اداروں کے حصص بیچنے کی منطوری دے دی گئی ہے۔پاور پلانٹس کی نیلامی اور2 کمپنیوں کی فروخت سے 4 کھرب کے لگ بھگ رقم حاصل ہو گی،وزیراعظم نے رقم عوامی قرضوں کی ادائیگی میں استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق نجکاری کمیشن بورڈ نے 2 پاور پلانٹس کی نیلامی میں حصہ لینے کے لیے 12 فرموں کو پری کوالیفائڈ کر لیا۔
او جی ڈی سی اور پی پی ایل کے حصص کی فروخت کے لیے مالیاتی مشیر کی خدمات حاصل کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے،نجکاری بورڈ خسارے میں چلنے والی سرکاری ملکیتی 27 جائیدادوں کی کھلی نیلامی کے ذریعے فروخت کرنے کی بھی منظوری دی۔ان تمام اثاثوں کے لیے 6.7 ارب روپے کی محفوظ قیمت بھی مقرر کر دی۔مالیاتی مشریوں نے صرف ایک جائیداد کی قیمت کا تخمینہ 5 ارب روپے لگایا ہے،جب کہ باقی 26 اثاثوں کی مالیت 1.7 ارب روپے بتائی گئی ہے۔
پاور پلانٹس کی نیلامی اور دو کمپنیوں کی فروخت سے 4 کھرب کے لگ بھگ رقم حاصل ہو گی۔جس سے بجٹ خسارہ پورا کرنے میں مدد لی جائے گی۔وزیراعظم عمران خان یہ تمام اثاثے عوامی قرضوں کی ادائیگی میں استعمال کرنا چاہتے ہیں جن میں 14 ارب روپے یومیہ اضافہ ہو رہا ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں تحریک انصاف کی حکومت نے گزشتہ حکومت کا 14 سو ارب روپے کا قرضہ واپس کیا تھا۔
یہ بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے پہلے سال میں مجموعی سرکاری قرضے میں 9 اعشاریہ 3 کھرب روپے کا اضافہ ہوا جبکہ رواں مالی سال کے دوران بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لیے 3 اعشاریہ 7 کھرب روپے کے قرضے لیے گئے۔ کرنسی کی قدر میں کمی کی وجہ 2 اعشاریہ 6 کھرب روپے کا قرضہ لینا پڑا،زیادہ نقد بیلنس کی وجہ سے 3 کھرب روپے کے قرضے کا اضافہ ہوا۔
بتایا گیا کہ ن لیگ کے مقابلے میں موجودہ حکومت کو زرمبادلہ کے مستحکم دخائر ملے،2013 میں نون لیگ نے حکومت بنائی تو زرمبادلہ کے ذخائر 11 ارب ڈالرز کے لگ بھگ تھے۔ سال 2018 میں تحریک انصاف کی حکومت کو 16 ارب 38 کروڑ ڈالرز کے ذخائر ملے،مالی سال 2013 میں زرمبادلہ کے ذخائر 11 ارب 1 کروڑ 95 لاکھ ڈالرز تھے،سال 2014 میں زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب 14 کروڑ 11 لاکھ ڈالرز تھے،سال 2015 میں زرمبادلہ کے ذخائر 18 ارب 69 کروڑ 92 لاکھ ڈالرز تھے،سال 2016 میں زرمبادلہ کے ذخائر 23 ارب 9 کروڑ 85 لاکھ ڈالرز تھے ،سال 2017 میں زرمبادلہ کے ذخائر 21 ارب 40 کروڑ 29 لاکھ ڈالرز تھے،سال 2018 میں زرمبادلہ کے ذخائر 16 ارب 28 کروڑ 36 لاکھ ڈالرز تھے ،سال 2019 میں زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب 47 کروڑ 68 لاکھ ڈالرز تھے ،رواں سال جولائی کے مہینے میں زرمبادلہ کے ذخائر 15 ارب 95 کروڑ 54 لاکھ ڈالرز تھے۔