صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا آبادی کے بارے میں فیڈرل ٹاسک فورس کے دوسرے اجلاس سے خطاب

 
0
415

اسلام آباد ۔ 31 جنوری (ٹی این ایس) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آبادی میں اضافے کو قابو میں رکھنے کے لئے ہمیں اپنے محدود وسائل کو موثر طریقے سے بروئے کار لانے کے ساتھ ساتھ فیملی مینجمنٹ سے متعلق خدمات کا دائرہ پورے ملک تک بڑھانا ہو گا، اس سلسلے میں قومی بیانیئے کو میڈیا کے ذریعے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں آبادی کے بارے میں فیڈرل ٹاسک فورس کے دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و اصلاحات اسد عمر، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن، وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد، وزیر برائے بہبود آبادی پنجاب سردار ہاشم ڈوگر، وزیر برائے آبادی بلوچستان سردار عبدالرحمن کھیتران اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی سید احمد حسین شاہ شریک تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ آبادی میں اضافے کے متعلق عوامی آگاہی کی اشد ضرورت ہے، اس سلسلے میں میڈیا مہم کے ذریعے قومی بیانیئے کو موثر طریقے سے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں علماءکا کردار سود مند ثابت ہو سکتا ہے۔ اجلاس میں فیڈرل ٹاسک فورس برائے آبادی کے پہلے اجلاس میں کے فیصلوں پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ صدر مملکت نے اس سلسلے میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ اس مسئلے پر قابو پانے اور پائیدار ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔