دہشت گردی، انتہاء پسندی، غیر قانونی امیگریشن اور منشیات کی سمگلنگ جیسے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سپین کے ساتھ تعاون دوطرفہ تعلقات کا ایک اہم حصہ ہیں، وزیر دفاع پرویز خٹک کی سپین کے سفیر سے گفتگو

 
0
711

اسلام آباد ۔ 31 جنوری (ٹی این ایس) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ دہشت گردی، انتہاء پسندی، غیر قانونی امیگریشن اور منشیات کی سمگلنگ جیسے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سپین کے ساتھ تعاون دوطرفہ تعلقات کا ایک اہم حصہ ہیں۔ وہ جمعہ کو سپین کے سفیر ینوئل دران گیمنیز ریکو سے گفتگو کر رہے تھے۔ دوران ملاقات دونوں فریقین نے دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون بڑھانے کی ضرورت کو تسلیم کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان سپین کے ساتھ اپنے تعلقات کی قدر کرتا ہے۔ سفیر مانوئل ڈوران گیمنیز ریکو اور وزیر دفاع نے باہمی مفادات کے امور پر تبادلہ خیال کیا جس میں دفاع میں تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ باہمی تعلقات کے دیگر شعبوں میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ پاکستان اور سپین دہشت گردی، انتہاء پسندی، غیر قانونی امیگریشن اور منشیات کی سمگلنگ جیسے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے تعاون کر رہے ہیں جو ہمارے دوطرفہ تعلقات کا ایک اہم حصہ ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور سپین کے مابین فوجی اور دفاعی تعلقات میں مزید ترقی کی صلاحیت ہے جس کیلئے دفاعی تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پیش قدمی کے مراحل پر ہے۔ وزیر دفاع نے ہسپانوی فوج کو باہمی تعاون کے منصوبوں اور کثیر الجہتی سمندری مشق امان میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ ملاقات کا اختتام دونوں فریقین کیلئے نیک خواہشات کے تبادلے کے ساتھ ہوا۔