سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں انسداد تجاوزات آپریشن کیے

 
0
249

اسلام آباد فروری 03 (ٹی این ایس): سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں انسداد تجاوزات آپریشن کیے۔ آپریشن کے دوران تجاوزات کے خاتمہ کے علاوہ ختم کی جانے والی تجاوزات اور مسمار کی جانے والی عمارتوں کے مقامات کو بھی چیک کیا تاکہ دوربارہ تجاوزات نہ کی جا سکیں۔ انسداد تجاوزات کے تحت کیے جانے والے آپریشنز میں ضلعی انتظامیہ، اسلام آباد پولیس اور متعلقہ شعبوں نے بھی معاونت کی۔

پیر کے روز سی ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے G-11مرکز میں پلاٹ نمبر21 کے سامنے بنائی جانے والی غیر قانونی پارکنگ کو ختم کرا کر گاڑیوں کو نکلوا دیا جبکہ 02 گاڑیوں کو لفٹر کے ذریعے متعلقہ تھانہ رمنا میں پولیس کے حوالے کر دیا گیا جبکہ سیکٹر H-8 میں گرائے جانے والے کھوکھوں کو بھی چیک کیا گیا اور باقیماندہ سامان کو بھی ہٹانے کے لیے تجاوز کنندگان کو وارننگ دی گئی۔اسی طرح پی ایس او پٹرول پمپ کے بالمقابل بنائے گئے ایک غیر قانونی ٹی سٹال کو بھی گرا دیا گیا جبکہ اسکے نزدیک کچی آبادی کو بھی دوبارہ چیک کیا گیا۔

علاوہ ازیں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیموں نے بری امام کے عقب میں بنائی جانے والی ایک غیر قانونی دیوار جبکہ چائنا ایمبیسی کے ساتھ ٹھٹی سائیں کے علاقے میں تعمیر کیے جانے والے ایک کمرہ اور چار دیواری کو بھی مسمار کر دیا۔اسی طرح کھنہ پُل، ضیا مسجد کے علاقوں میں بھی تجاوزات کا خاتمہ کرتے ہوئے سامان ضبط کر کے سٹور میں جمع کروا دیا گیا۔ سیکٹر I-9 میں ریت، بجر ی اور اینٹیں بچنے کے غیر قانونی پوائنٹس کو بھی ختم کردیا گیا۔