امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کو موقع دینے کی بات کرنے والے اب اس سے نجات کی دعائیں مانگ رہے ہیں۔

 
0
529

اسلام آباد فروری 19 (ٹی این ایس): امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیام پاکستان سے لے کر آج تک ملکی آئین پر اس کی رو کے مطابق عملدرآمد نہیں ہوسکا اور موجودہ حکمرانوں نے عوام کی مشکلات اور پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان خود کو بے بس اور بے اختیار سمجھتے ہوئے بار بار اپنی مجبوریوں کا اظہار کرتے ہیں جبکہ ملک سیاسی بحران سے دوچار ہے اور اسٹیبلشمنٹ کے کردار پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت اور ریاست ایک پیج پر ہے تو عوام کو ریلیف کیوں نہیں مل رہا ؟ عوام مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ آ چکے ہیں۔ معیشت کو عملاً عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)، اوگرا اور نیپرا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل تک حکومت کو موقع دینے کی بات کرنے والے اب اس سے نجات کی دعائیں کر رہے ہیں جبکہ ہم 20 فروری سے مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف ملک گیر تحریک کا آغاز کر رہے ہیں جس میں ملک بھر میں جلسے، جلوس اور مظاہرے کیے جائیں گے۔