سابق وزیر اعظم نواز شریف کو آپریشن پر راضی کرنے کے لیے اُن کی والدہ لندن پہنچ گئیں، آئندہ دنوں میں سابق وزیر اعظم کے آپریشن کے امکان ہے۔

 
0
275

لندن فروری 19 (ٹی این ایس): نواز شریف کو دل کے عارضے کے باعث ماہر امراض قلب نے فوری آپریشن تجویز کیا تھا تاہم اب تک نواز شریف کے اسپتال میں تین دفعہ آپریشن ملتوی کرائے جا چکے ہیں۔

نواز شریف بضد ہیں کہ مریم نواز لندن پہنچے گی تو وہ آپریشن کروائیں گے تاہم بیٹے کو آپریشن پر راضی کرنے کے لیے نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر ہنگامی طور پر لندن پہنچ چکی ہیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق نواز شریف کا 24 فروری کو لندن کے بریج اسپتال میں دل کے عارضے کے آپریشن کا امکان ہے اور سابق وزیر اعظم آج ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان اور خاندان کے افراد کے ساتھ بریج اسپتال جائیں گے۔

نواز شریف کے دل اور دماغ کو خون سپلائی کرنے والی شریانوں کا تفصیلی معائنہ کیا جائے گا جبکہ ڈاکٹرز کے معائنہ کے بعد نواز شریف کے اسپتال داخلہ اور علاج کا فیصلہ کیا جائے گا۔ سابق وزیر اعظم کے پلیٹ لیٹس مستحکم نہ ہوئے یا طبی پیچیدگیوں کی صورت میں مزید میڈیکل ٹیسٹ کیے جانے کا امکان ہے۔