پاکستان کو رواں مالی سال 2019-20 کی پہلی ششماہی کے دوران مختلف ممالک میں سفری خدمات کی فراہمی کے ذریعے 26 کروڑ42لاکھ54ہزار ڈالر کی آمدن

 
0
344

اسلام آباد ۔ 22 فروری (ٹی این ایس): پاکستان کو رواں مالی سال 2019-20 کی پہلی ششماہی کے دوران مختلف ممالک میں سفری خدمات کی فراہمی کے ذریعے 26 کروڑ42لاکھ54ہزار ڈالر کی آمدن حاصل کی ہے۔ پاکستان شماریات بیورو کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق مالی سال 2018-19 کے اس عرصہ کے دوران یہ آمدن 20 کروڑ 40 لاکھ 70 ہزار ڈالر تھی جس میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران 29.49 فیصد بڑھوتی دیکھی گئی ہے۔ زیر جائزہ مدت کے دوران ذاتی سفری خدمات 29.91 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے جو گزشتہ سال2018-19کے دوران 20کروڑ12 لاکھ 20 ہزار ڈالر تھی اور رواں مالی سال جولائی۔دسمبر 2019-20 کے دوران یہ آمدن بڑھ کر 26 کروڑ 14 لاکھ 4 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی۔ ان ذاتی خدمات میں تعلیمی برآمدات سے متعلقہ اخراجات اور ذاتی اخراجات میں بالترتیب 32.19 اور70.10 فیصد کمی آئی ہے۔ علاوہ ازیں دیگر ذاتی خدمات میں 34.33 فیصد اضافہ ہوا ہے جن میںسے مذہبی اور دیگر سفری خدمات کی مد میں بالترتیب 171.20 فیصداور34.19 فیصد اضافہ رہا ۔ دوسری جانب مالی سال 2019-20 کی پہلی ششماہی کے دوران بزنس سروسز کی سفری برآمدات کا حجم 28 لاکھ 50 ہزار ڈالر رہا۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران گزشتہ مالی سال کے اس عرصہ کے مقابلے میں ملکی تجارتی خدمات کا خسارہ 17.46 فیصد کم ہوا ہے۔ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران خدمات کی برآمدات 6.11 فیصد بڑھیں جبکہ درآمدات میں 4.67 فیصد کی کمی آئی ہے۔