اسلام آباد ۔ 6مارچ (ٹی این ایس) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے تیونس اور ایران کے سفیروں نے جمعہ کو یہاں الگ الگ ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، باہمی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے تیونس کے سفیر بْرھان الکامِل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تیونس کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پاکستان کا ابھرتا ہوا پورٹ سٹی ہے۔ تیونس کے سرمایہ کار گوادر میں موجودہ سرمایہ کاری کے مواقعوں سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول سازگار ہے۔ پارلیمانی وفود کے تبادلوں، تجارتی و اقتصادی روابط کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ایرانی سفیر سید محمدعلی حسینی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس عالمی مسئلہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں کرونا وائس کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر غم زدہ ہیں۔ ایران کی حکومت اور متعلقہ اداروں کی وائس پر قابو پانے کے حوالے سے کوششیں قابل تحسین ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان ایران سرحد پر سکریننگ کیلئے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، ایران اور پاکستان کے مابین بہتر تعاون دیکھنے کو ملا ہے۔













