ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی سہیل حبیب تاجک کی ہدایات پر راولپنڈی ریجن کے چاروں اضلاع کی مساجد میں نمازجمعہ کے دوران اصلاحی خطبات کا سلسلہ جاری

 
0
770

راولپنڈی مارچ 06 (ٹی این ایس): اصلاحی خطبات کایہ سلسلہ کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کے ساتھ پولیس اورعوام کے درمیان حائل خلیج کو ختم کرنے میں معاون و مددگار ثابت ہورہاہے۔ آرپی او راولپنڈی کی جانب سے پولیس افسران کو اس مرتبہ جمعہ کے اصلاحی خطبہ کے لئے عدل و انصاف کے متعلق خصوصی تحریر بھجوائی گئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس افسر راولپنڈی سہیل حبیب تاجک نے ہر جمعہ کو عوام الناس میں آگاہی اور اصلاح کے لئے ریجن کے پولیس افسران کو نماز جمعہ کے دوران اصلاحی بیانات و تقاریرکرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔

گزشتہ جمعہ کے اصلاحی بیان کا موضوع جھوٹی گواہی کے بارے میں تھا اور اس مرتبہ عدل و انصاف کے متعلق خصوصی بیان کی تحریر جاری کی گئی تھی۔ آر پی او راولپنڈی کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے راولپنڈی ریجن کے چاروں اضلاع راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال کی مساجد میں جمعہ کے خطبہ کے دوران پولیس افسران نے خصوصی طور پراس سلسلے میں آگاہی لیکچر دئیے۔ خطبات میں عوام کو قرآنی آیات اور احادیث کے حوالہ جات کی روشنی میں متعلقہ موضوع کو زیر بحث لایا گیا۔ شرکاء کو عدل و انصاف کی اہمیت وضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے یہ آگاہی دی گئی کہ معاشرے میں عدل وانصاف کی ہر معاملات میں موجودگی ہی معاشرے میں امن و امان کے پائیدار قیام اور ریاست کی استحقامت کا باعث ہوتی ہے۔