پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی رہنما ڈاکٹر مبشر حسن دار فانی سے کوچ کرگئے

 
0
495

اسلام آباد مارچ 14 (ٹی این ایس): ڈاکٹر مبشر حسن 22 جنوری 1922 کو تاریخ شہر پانی پت میں پیدا ہوئے،،ابتدائی تعلیم پانی پت سے حاصل کی اور سول انجینئرنگ میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد 1950 میں امریکا چلے گئے۔

آئیووا اسٹیٹ یونیورسٹی،امریکا سے سول انجینئرنگ میں ماسٹر کیا،،پی ایچ ڈی کے بعد مغربی پاکستان واپس آئے اور انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور میں بحیثیت استاد وابستہ ہوئے۔

1967 میں سیاسی زندگی کا آغاز کیا،ڈاکٹر مبشر حسن ہی کے گھر پر ہونے والے ایک تاسیسی کنونشن میں ذوالفقار علی بھٹو نے پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی تھی۔

ڈاکٹر مبشر حسن 24 دسمبر 1971ء تا 22 اکتوبر 1974ء پاکستان کے دسویں وزیر خزانہ رہے،بھٹو کی پہلی کابینہ میں بحیثیت وزیر خزانہ انہوں نے بجٹ میں تعلیم اور صحت کے لیے ریکارڈ رقوم مختص کیں۔

1972 میں بحیثیت وزیر خزانہ ڈاکٹر مبشر حسن نے سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت تشکیل دینے میں ذوالفقارعلی بھٹو کی بہت معاونت کی،1972 میں ہی انہوں نے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے تحت پاکستان میں ایٹمی منصوبے کے سلسلے میں عملی اور سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔

1977 میں ملٹری پولیس نے ڈاکٹر مبشر حسن کی گرفتاری کا حکم دیا، انہیں اڈیالہ جیل میں ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ رکھا گیا،،ڈاکٹر مبشر حسن ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے بعد بھی سات سال تک قید رہے۔

1984 میں رہائی پانے کے بعد ڈاکٹر مبشر حسن نے انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور میں استاد کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں،،1988 میں بے نظیر بھٹو نے انہیں وزارتِ خزانہ کا قلمدان سنبھالنے کی پیش کش کی جسے انہوں نے بعض سیاسی اختلافات کے باعث رد کر دیا۔