صوبائی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا کی زیر صدارت پرائیویٹائزیشن کیبنٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس

 
0
312

لاہور جولائی21( ٹی این ایس ) :صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کی زیر صدارت نیو منسٹر بلاک پیپلزہاؤس میں پرائیویٹائزیشن کیبنٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں ترجمان حکومت پنجاب ملک احمد،سیکرٹری انرجی اسد گیلانی ، چےئرمین پرائیویٹائزیشن بورڈ طارق ایوب چوہان ،چیف ایگزیکٹو آفیسر قائد اعظم سولر پارک لمیٹڈ محمد امجد، ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات و ثقافت آصف علی ،ڈائریکٹر قانون سازی و پارلیمانی اُمور طاہر نعیم، سیکرٹری کالونیز بورڈ آف ریونیو، ممبر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سعا دت اللہ،ڈپٹی سیکرٹری ورکس، کمیونیکیشن اینڈ انویسٹمنٹ معید امان رانا،ڈپٹی سیکرٹری محکمہ اطلاعت ثقافت راؤ پرویزاختر،ہیڈ سی ایف یواسد خالد، کنسلٹنٹ پرائیویٹائزیشن بورڈ ثقلین ارشد، اسد بلوچ اور سرشاراحمد خان نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد قائد اعظم سولر پارک بہاولپورکی نجکاری سے متعلقہ اُمور کا جائزہ لینا تھا۔ صوبائی وزیر نے اجلاس کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے متعلقہ محکموں کے وزراء ، سیکرٹری صاحبان اور ٹیکنیکل ممبرز سمیت 16اراکین پر مشتمل پرائیویٹائزیشن کیبنٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی تشکیل دی ہے جو ماہرین کی آراء کی روشنی میں سرکاری اثاثوں کی نجکاری کے معاملات اورپیشکشوں کا بغورجائزہ لے گی اور پرائیویٹائزیشن کے مقامی و بین الاقوامی رجحانات کے تجزئیہ کے بعد بورڈکو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مدلل تجاویز پیش کرے گی۔

کمیٹی کا ابتدائی ٹاسک قائد اعظم سولر پارک بہاولپور کی نجکاری ہے۔ چےئرمین پرائیویٹائزیشن بورڈنے صوبائی وزیر کو بتایا کہ قائداعظم سولر پرائیویٹ لمیٹڈ نے بہاولپور میں پاکستان کا پہلا گرڈ سے منسلک سولر فوٹو وولٹک پاور پلانٹ لگایا ہے جو 100میگا واٹ بجلی پیدا کر رہا ہے۔ اس پروجیکٹ میں حکومت پنجاب کا ٹوٹل شےئر 3.81بلین روپے ہے ۔پروجیکٹ نیپراکے طے شدہ معیار سے زیادہ بجلی پیدا کرکے بہترین ریونیوجنریٹ کررہا ہے۔پنجاب پرائیویٹائزیشن بورڈ مزید منصوبو ں پر سرمایہ کاری کے لیے کمپنی کی نجکاری کے عمل میں لا رہا ہے۔ نجکاری کے عمل کے پہلے مرحلہ میں پنجاب پرائیویٹائزیشن بو رڈ اور یونائیٹڈ بنک لمیٹڈ کے مابین مالیاتی مشاورت کا معاہدہ اورمالیاتی مشیر کی جانب سے پیش کی جانے والی دستاویزات کی جانچ پڑتال کے لیے ٹرانسیکشن کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے۔ منصوبے کے دوسرے فیز میں نجی شعبہ کی شمولیت کے لیے اظہار دلچسپی سے متعلق اشتہارات اور بڈرز کی پری کوالیفیکیشن ، مارکیٹنگ اور روڈ شوز کے انعقاد کا عمل شامل ہیں۔ سیکرٹری انرجی نے اجلاس کو دوسرے مرحلے کی تفصیلات ،اشتہارات کے مشتملات اور روڈ شو کی تیاری سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے تمام متعلقہ اداروں اور افسران کو ہدایت کی کہ اس تمام عمل کے دوران پیپرا کے قوائد و ضوابط کو مد نظر رکھا جائے اور اشتہارات اور روڈ شوز کے ذریعے اندرونی و بیرونی سرمایہ کاروں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی سابقہ روایت کو قائم رکھتے ہوئے نیلامی کے تمام عمل کو کرپشن سے پاک اور شفاف طریقے سے انجام دیا جائے گا۔