ڈیرہ غازی خان: 42 زائرین میں سے 5 میں کورونا وائرس کی تصدیق

 
0
566

لاہور مارچ 17 (ٹی این ایس): صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان اور صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ 1 روپے کی چیز 100 روپے میں بیچنے والے سن لیں، اللہ پاک کی لاٹھی بے آواز ہے۔ منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف حکومت ایکشن لے گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کی جنگ کا مقابلہ کیا اور اسے جیتا، پاکستان کے عوام کورونا وائرس کی جنگ بھی جیتے گی۔ کوئی اس صورتحال میں غیر انسانی اور غیر اخلاقی رویہ اپنائے گا تو بے نقاب ہوگا۔

صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان آنے والے زائرین میں 42 میں سے 5 مریضوں میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے۔ ڈی جی خان میں 736 مریض قرنطینہ میں ہیں۔ تمام افراد کو قرنطینہ میں رکھنے کا مقصد یہ نہیں کہ سب کرونا سے متاثر ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈی جی خان آنے والے دوسرے مرحلے میں 48 افراد کا ٹیسٹ چل رہا ہے، پہلے بیج کے 42 زائرین میں سے 5 کے ٹیسٹ مثبت آئے، میو اسپتال میں کورونا وائرس کا ایک مریض زیر علاج ہے، پنجاب بھر میں کرونا وائرس کے اب تک 6 کیسز ہیں۔

یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پہلے دن سے ایک ہی بات کر رہے ہیں کہ احتیاط لازمی ہے، ہم نے 6 دن پہلے میڈیکل ایمرجنسی نافذ کی۔ لوگوں سے گزارش ہے کہ بلاوجہ گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ لوگ صرف ضرورت کی بنیاد پر ہی گھروں سے باہر نکلیں۔ موجودہ صورتحال کو چھٹی نہ سمجھیں یہ مجبوری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پھیلا تو تمام اسپتالوں کے تمام وارڈز بھر جائیں گے، وائرس کے حوالے سے ہر اسپتال کے اندر الگ وارڈز ہیں۔ سب سے بڑا بوجھ پنجاب پر پڑے گا۔ 12 سو کے قریب مزید زائرین پنجاب واپس آرہے ہیں۔